دشمن جرأت سے پہلے سو بار سوچے گا:جنرل نروے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍فوجی سربراہ جنرل منوج مکند نرونے نے کہا ہے کہ بالاکوٹ میں سرجیکل اسٹرائک کا سرحد پار اتنا سخت پیغام گیا ہے کہ یہاں تک کہ اگر وہاں دہشت گرد کیمپ دوبارہ فعال ہو رہے ہیں لیکن کسی بھی ناپاک حرکت کو انجام دینے سے پہلے دہشت گرد اور ان کے آقا سو بار سوچیں گے ۔نو مقرر آرمی چیف نے آج یہاں یواین آئی کے ساتھ بات چیت میں زور دے کر کہا کہ جموں اور کشمیر میں دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد امن قائم ہوا ہے اور پتھر پھینکنے اور دیگر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں کمی آئی ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں پوزیشن اور بہتر ہوگی۔پاکستان اور چین کی سرحدوں پر فوج کے خصوصی توجہ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر امن بنائے رکھنے کا فارمولہ یہی ہے کہ ہم اپنی طاقت بڑھائیں اور ہر صورت حال سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کریں۔ جوہری ہتھیاروں کو دفاعی صلاحیت تک محدود بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک ان کا کردار یہی رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بالاکوٹ سرجیکل اسٹرائک میں سرحد پار دہشت گردانہ ڈھانچے کو زبردست نقصان پہنچا تھا لیکن گزشتہ چند ماہ میں دہشت گرد کیمپ دوبارہ فعال ہو گئے ہیں اور 20 سے 25 دہشت گرد کیمپوں اور لانچ پیڈ پر بیٹھے 200 سے 250 دہشت گرد دراندازی کی فراق میں ہیں۔ ان میں پاکستان کے علاوہ کچھ غیر ملکی دہشت گرد بھی ہیں۔دہشت گرد کیمپوں کے دوبارہ فعال ہونے پر انہوں نے کہا کہ جنگ میں تباہ کیے جانے والے ڈھانچے پل وغیرہ بھی دوبارہ بن جاتے ہیں لیکن سرجیکل اسٹرائک کا اتنا سخت پیغام گیا ہے کہ دہشت گرد اور ان کے آقا دوبارہ کسی ناپاک حرکت کو انجام دینے سے پہلے ٹھنڈے دماغ سے سوچیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج ان منصوبوں کو مسلسل ناکام کر رہی ہے اور چوکسی کے ساتھ پوری طرح تیار ہے ۔