گزشتہ صدی کی 25 بااثر خواتین میں شمار ہونے والی اور موسیقی کی دنیا کی ‘رانی’ کہلائی جانے والی امریکی گلوکارہ، اداکارہ، لکھاری و موسیقار 61 سالہ میڈونا اگرچہ طویل عرصے تک دنیا کی بولڈ اور گلیمر گلوکارہ و خاتون رہیں اور ان کے تعلقات کئی معروف مرد حضرات سے بھی رہے۔تاہم ان کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ انہوں نے اپنے ہی بیک اسٹیج ڈانسر 25 سالہ احلا ملک ولیمز سے تعلقات استوار کرلیے ہیں جو ان سے عمر میں 36 سال چھوٹے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ میڈونا نے جس نوجوان سے تعلقات استوار کیے ہیں ان کے والد بھی اداکارہ سے 2 برس کم عمر ہیں جب کہ اس نوجوان کی والدہ میڈونا سے 6 سال کم عمر ہیں۔معروف امریکی شوبز ویب سائٹ ’ٹی ایم زیڈ‘ نے اپنی رپورٹ میں احلا ملک ولیمز کے والد ڈریو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میڈونا اور نوجوان ڈانسر کے درمیان گزشتہ ایک سال سے تعلقات ہیں۔نوجوان احلا ملک کے والد ڈریو نے شوبز ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ عمر رسیدہ مگر امیر اداکارہ، گلوکارہ و لکھاری کے ان کے بیٹے سے تعلقات ہیں اور دونوں اپنے تعلقات کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہیں۔نوجوان احلا ملک کے والد نے بتایا کہ ان کے بیٹے اور میڈونا کے درمیان پہلی ملاقات 2015 میں ہوئی تھی اور اس وقت میڈونا کو بیک اسٹیج ڈانسرز کی ضرورت تھی۔نوجوان کے والد کا کہنا تھا کہ میڈونا نے ان کے بیٹے کو دیکھتے ہی منتخب کرلیا تھا اور جلد ہی ان کے قریب آگئی تھیں اور ان کے ٹیلنٹ کی تعریفیں کرنے لگی۔برطانوی اخبار ’بزنس اسٹینڈرڈ‘ کے مطابق احلا ملک ولیمز کے والد کا کہنا تھا کہ اداکارہ و گلوکارہ نے انہیں بتایا تھا کہ وہ ان کے نوجوان بیٹے سے بہت پیار کرتی ہیں اور وہ ان کا اچھے طریقے سے خیال رکھتی ہیں اور ہمیشہ ان کا خیال رکھیں گی۔نوجوان کے والد نے بیٹے کی صلاحیتوں پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا بہت باصلاحیت ہے اور انہیں میڈونا اور بیٹے کے درمیان تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں۔احلا ملک کے والد کا کہنا تھا کہ ’محبت میں عمر کا فرق نہیں دیکھا جاتا‘۔رپورٹس کے مطابق احلا ملک کے والد اس بات پر بھی رضامند ہیں کہ اگر 61 سالہ میڈونا ان کے 25 سالہ بیٹے سے شادی بھی کرتی ہیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔نوجوان کے والد نے میڈونا کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہوں نے انہیں اور ان کی بیوی کو 2020 میں فرانس اور لندن میں ہونے والے میوزک شو کے لیے مدعو کر رکھا ہے اور وہ اپنے بیٹے اور اداکارہ کو دیکھنے جائیں گے۔واضح رہے کہ میڈونا اور ان کے بیک اسٹیج ڈانسر کے تعلقات کے حوالے سے گزشتہ چند ماہ سے امریکی و برطانوی میڈیا میں خبریں زیر گردش تھیں جب کہ ان دونوں کے کئی مواقع پر انتہائی قریبی اور رومانوی انداز میں دیکھا گیا۔نوجوان احلا ملک ولیمز گلوکارہ میڈونا کے میوزک کنسرٹس میں ان کے گانوں پر ان کے ساتھ بیک اسٹیج ڈانسر کے طور پر نظر آتے ہیں، اس نوجوان کے علاوہ بھی گلوکارہ کے دیگر بیک اسٹیج ڈانسر نوجوان ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میڈونا نے خود سے کم عمر مرد سے تعلقات استوار کیے ہوں، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے خود نصف سے زائد کم عمر نوجوان سے تعلقات استوار کیے ہیں۔احلا ملک سے قبل میڈونا کے حوالے سے 2017 میں خبریں تھیں کہ انہوں نے خود سے 33 سال کم عمر نوجوان کیون سمپایو سے تعلقات استوار کرلیے، اس سے قبل 2010 میں بھی میڈونا کی جانب سے خود سے 29 سال کم عمر براہم زیلوبت نامی نوجوان سے تعلقات کی خبریں تھیں۔میڈونا اپنے رومانوی تعلقات کے حوالے سے بھی کافی شہرت رکھتی ہیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں ایک درجن کے قریب افراد سے تعلقات استوار کیے اور سب ہی تقریبا ان سے کم عمر تھے، گلوکارہ نے خود سے 36 سال سے لے کر 3 سال کم عمر مرد حضرات کے ساتھ تعلقات استوار کیے۔میڈونا گزشتہ صدی کی دنیا کی 25 بااثر خواتین میں سے ایک ہیں اور انہوں نے کئی دہائیوں تک پاپ موسیقی پر بادشاہی کی۔میڈونا نے اور بھی کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔وہ امریکی ریاست مشی گن میں اگست 1958 میں پیدا ہوئیں اور چند سال بعد موسیقی اور رقص کی تربیت کے لیے نیویارک منتقل ہوگئیں۔میڈونا نے 1980 میں کیریئر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے امریکا کے بعد یورپ اور پھر دنیا بھر میں مشہور ہوگئیں اور انہیں ’پاپ موسیقی کی ملکہ‘ کہا جانے لگا۔میڈونا نے انتہائی پرتعیش، رنگین اور پرکیف زندگی گزاری اور انہوں نے دنیا میں فیشن کے نت نئے ٹرینڈز متعارف کرائے۔میڈونا نے پہلی شادی 1985 میں اپنے کیریئر کے ا?غاز اور ہولی وڈ میں انٹری کے وقت اداکارہ سین جسٹن پین سے کی، تاہم 4 سال بعد 1989 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔میڈونا نے دوسری شادی 2000 میں فلم پروڈیوسر و ہدایت کار اسٹارٹ رچی سے کی اور دونوں کی شادی 8 سال چلنے کے بعد 2008 میں طلاق پر ختم ہوئی۔میڈونا نے دو شادیاں کیں تاہم ان کے تعلقات متعدد اداکاروں اور گلوکاروں سمیت صنعت کاروں سے بھی رہے۔میڈونا کی سب سے بڑی بیٹی لیورڈس لیون 1996 میں پیدا ہوئیں، اس وقت گلوکارہ کے تعلقات کیوبن اداکار کارلوس لیون سے تھے۔میڈونا کے بڑے بیٹے روکو رچی کی عمر 18 برس ہے اور وہ اسٹارٹ رچی کے بیٹے ہیں، گلوکارہ کا اسٹارٹ رچی سے ہی 13 سالہ ایک اور بیٹا بھی ہے۔گلوکارہ میڈونا نے تین بچوں کو گود بھی لے رکھا ہے اور وہ مجموعی طور پر 6 بچوں کی پرورش کرتی ہیں۔