قومی اردو کونسل کے صدر دفترمیں استقبالیہ تقریب کا انعقاد

0
0

ہندوستان کی ہزاروں سالہ تہذیب اور فلسفے سے ایران کی نئی نسل کو متعارف کرایاجائے گا: ڈاکٹر شیخ عقیل احمد
فارسی ہندوستان کی میراث ہے اور فارسی سے اردونے جنم لیاہے: ڈاکٹر علی ربانی
لازوال ڈیسک

نئی دہلی؍؍ ہندوستان اورایران کے درمیان تہذیبی اور ثقافتی رشتے ہزاروںسال سے قائم ہیں۔ان رشتوں کو مضبوط و مستحکم کرنے میںاردو اورفارسی نے اہم کردار اداکیاہے۔اردو شاعری کا سرچشمہ فارسی شاعری ہے۔ایران وہندوستان کے مابین ہر سطح پرخوشگوار تعلقات کوآگے بڑھانے کے لیے قومی کونسل اور ایران کلچرل ہائوس نے ان دونوں زبانوں کے فروغ کے لیے کئی اہم معاہدے کیے ہیں۔یہ باتیں قومی کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے ایران کے کلچرل کونسلر ڈاکٹر علی ربانی کے لیے منعقدکی جانے والی استقبالیہ تقریب کے دوران کہیں۔انھوںنے کہا کہ دونوں ممالک نے اپنے اپنے ملکوں میں اردو اور فارسی زبان وادب کے فروغ وارتقا کے لیے اپنے دائرۂ اختیار میں رہتے ہوئے باہمی مفاہمت سے کئی اہم تجاویزاور منصوبوںکو حتمی شکل دی ہے۔ڈاکٹر شیخ عقیل ا حمد نے کہا کہ اس ایم او یوکا مقصد یہ ہے کہ ہندوستان کی ہزاروں سالہ پرانی تہذیب اور اس کے فلسفے سے ایران کی نئی نسل کو متعارف کرایاجاسکے۔انھوںنے کہا کہ ہندوستانی اور ایرانی تہذیب وثقافت کے درمیان اتنی قربت ومماثلت ہے کہ ان کے مابین فرق کرنا مشکل ہوجاتاہے۔ڈاکٹر علی ربانی اورڈاکٹر عقیل احمدنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ معاہدے کا بنیادی مقصد اردو ، فارسی اور باہمی کلچر کو فروغ دینا ہے۔ انھوںنے کہا کہ معاہدے میں طے ہوئی باتوں کے مطابق قومی کونسل اور اسلامک کلچراینڈ رلیشن آرگنائزیشن ان کتابوں کی فہرست ایک دوسرے کو مہیاکرنے کابندوبست کریں گے جو کتابیں اردو اور فارسی میں ترجمہ کی جاچکی ہیں۔تاکہ ان کتابوں کی اشاعت کو یقینی بنایاجاسکے جن کا ابھی تک ترجمہ نہیں ہواہے اور جن کی اشاعت عمل میں نہیں آئی ہے۔ انھوںنے اپنے مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے کو لوجسٹک سپورٹ فراہم کریں گے تاکہ دونوں ممالک میں ہونے والے ادبی ووثقافتی پروگراموںو سمیناروں کے انعقاد میں معاون ثابت ہوں۔نیز ہم ایسا تعلیمی اورتدریسی مواد تیار کرکے شائع کریں گے جس سے حسب ضرورت استفادہ کیاجاسکے۔انھوںنے مزید کہاکہ اسلامک کلچراینڈرلیشن آرگنائزیشن ایران سے منسلک نمائش اور خطاطی کے ماہرین قومی کونسل کو فراہم کرے گی تاکہ قومی کونسل کے ذریعے چلائے جارہے خطاطی سینٹرس کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جاسکے۔قومی کونسل کے تحت چلنے والے فارسی سینٹر س میں فارسی پڑھانے والے اساتذہ کے لیے اسلامک کلچراینڈ رلیشن آرگنائزیشن فارسی کے ماہرین کی مدد سے ریفریشر کورس کا اہتمام کرے گی۔اس موقعے پرایران کے کلچرل کونسلر ڈاکٹر علی ربانی نے کہا کہ ہندوستان میں فارسی کی جڑیں بہت گہری ہیں۔اس ملک میں فارسی آٹھ سو سال تک تہذیبی اور ثقافتی زبان رہی ہے۔درحقیقت فارسی ہندوستان کی میراث ہے اور فارسی سے اردو نے جنم لیاہے۔ آخر میں قومی کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر عقیل احمد نے ڈاکٹر علی ربانی کی خدمت میں گلدستہ پیش کیااور شکریہ ادا کیا۔استقبالیہ تقریب میں کونسل کا عملہ موجود تھا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا