سال نو کا آغاز ہلکے برف وباراں سے متوقع
یواین آئی
سرینگر؍؍وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے سے جہاں شہنشاہ زمستان چلہ کلان کے تیور نرم ہونے سے ایک طرف سردی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی وہیں دوسری طرف منگل کے روز آفتاب بادلوں کی اوٹ میں پھنسے رہنے سے لوگ چلہ کلان میں پہلی بار ہلکی دھوپ سے محروم ہوئے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجہ حرارت سے منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔متعلقہ محکمہ کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں سال نو کی آمد کا استقبال برف و باراں کے ایک اور سلسلے سے ہوگا۔ محکمہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں یکم جنوری سے چھ جنوری تک ہلکے برف و باراں کی توقع ہے۔ادھر طبی ماہرین نے وادی میں جاری شدید سردیوں کو ضرررساں قرار دیتے ہوئے لوگوں بالخصوص بچوں اور ضعیف العمر افراد کو صبح اور شام کے وقت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی صلاح دی ہے۔وادی میں منگل کے روز اگرچہ رات کی سردی میں کمی واقع ہونے سے لوگوں کو سردی کی شدت سے قدرے راحت نصیب ہوئی لیکن مطلع دن بھر ابر آلود رہنے سے لوگ رواں چلہ کلان میں پہلی بار ہلکی دھوپ سے محروم رہے تاہم وادی میں درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کے باعث شہرہ آفاق جھیل ڈل سمیت آبی ذخائر کے علاوہ نل اور پانی کی ٹنکیوں کے منجمد ہونے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے جس سے لوگوں کو پانی کی قلت کے علاوہ مختلف مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ رات کی ٹھٹھرتی سردی سے دن میں ہلکی دھوپ نکل آنے سے قدرے راحت نصیب ہوتی تھی لیکن منگل کے روز آفتاب دن بھر بادلوں کی اوٹ میں ہی پھنسا رہا جس کے باعث لوگوں کو ہلکی دھوپ سے محروم ہونا پڑا۔وادی میں رواں چلہ کلان اگرچہ فی الوقت خشک ہی ہے لیکن منفی درجہ حرارت میں ریکارڈ توڑ اضافہ ہوا ہے جس سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 15.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 22.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں رواں موسم سرما نے روز اول سے ہی اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کیا اور ماہ نومبر کے پہلے ہی ہفتے میں بھاری برف باری ہوئی جس سے کسانوں بالخصوص میوہ باغ مالکوں کو بے تحاشا نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔