شدید گولہ باری میں ایک خاتون اور ایک فوجی ہلاک ، متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا
یوپی آئی
سرینگر؍؍حاجی پیر سیکٹر اوڑی میں ہندوپاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کے نتیجے میں ایک خاتون اور فوجی ہلاک ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ صبح ساڑھے سات بجے گولہ باری کا سلسلہ شروع جو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھی۔ دفاعی ذرائع نے خاتون اور فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے رہائشی علاقے کو دن بھر نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب بدھ ساڑھے سات بجے پاک بھارت افواج کے درمیان گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا۔ نمائندے کے مطابق بدھ کے روز پاک بھارت افواج کے درمیان گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر گئے تک جاری رہا۔ نمائندے نے بتایا کہ گولہ باری کے نتیجے میں ایک خاتون جس کی شناخت نسیمہ زوجہ اخلاق کھٹانہ کے بطور ہوئی ہے شدید طورپر مضروب ہوئیں اگر چہ اُسے فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ نمائندے نے بتایا کہ سہ پہر کے بعد پاک بھارت گولہ باری میں شدت آئی جس دوران ایک گولہ فوجی پکٹ کے نزدیک زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس وجہ سے ایک اہلکار جس کی شناخت برجیش کراتک کے بطور ہوئی ہے موقع پر ہی از جان ہوا۔ نمائندے نے بتایا کہ شام چھ بجے تک پاک بھارت افواج کے درمیان گولہ باری کا سلسلہ جاری تھا اور لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق بدھ اعلیٰ الصبح گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو شام چھ بجے تک جاری تھا جس وجہ سے چرنڈا ، حاجی پیر سیکٹر میں رہائش پذیر لوگ دوسری جگہوں کی اور منتقل ہونے پر مجبور ہوئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گولہ باری کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانات بھی تباہ ہوئے جبکہ مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اوڑی میں زیر زمین بینکروں کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگوں کو سرکاری عمارتوں میں رکھا جا رہا ہے اگر چہ بینکروں کی تعمیر کی خاطر انتظامیہ سے بھی رابط قائم کیا گیا تاہم لوگوں کی آواز صدا بہ سحرا ثابت ہو رہی ہے۔ نمائندے نے دفاعی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں گولہ باری کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ شدید گولہ باری کے نتیجے میں علاقے میں جنگ جیسی صورتحال بنی ہوئی ہے جبکہ اضافی فورسز اہلکاروں کو بھی سرحدی علاقے کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحد کے دونوں اطراف جان و مال کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب دفاعی ذرائع کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوںنے اس بات کی تصدیق کی کہ اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں دن بھر جاری رہنے والی گولہ باری میں ایک فوجی اور ایک خاتون ہلاک ہوئی ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرس کی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دیا جارہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے ساتھ شام چھ بجکر 15منٹ پر مقامی لوگوں نے بات کی تو انہوںنے بتایا کہ اوڑی میں پاک بھارت افواج کے درمیان شدید ترین گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے اور لوگوں کو دوسری جگہ کی اور منتقل کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔