مزدوروں کواُجرت بھی دیجئے!
محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج نے گرام پنچایت میں آبپاشی کاموں کے لئے قومی سطح کے چار مختلف اعزاز حاصل کئے ہیں ، جموں وکشمیر کو یہ اعزاز بلاک سطح پر مہاتما گاندھی نریگا کی مؤثر عمل آوری کے لئے بھی ملے ہیں ،اِس سلسلے میں گذشتہ روز سی ابھرامنیم ہال نئی دلّی میں ایک پُر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے آئے شرکأ نے اپنی اپنی ریاستوں اور مرکزی اِنتظام والے علاقوں کی نمائندگی کی۔ تقریب کی صدارت دیہی ترقی کے مرکزی وزیر نے کی،جموں وکشمیر کی نمائندگی دیہی ترقی محکمہ کے ایڈیشنل سیکرٹری راکیش بڈیال نے کی او راُنہوں نے سیکرٹری دیہی ترقی شیتل نندا کے بدلے اعزاز حاصل کیا۔ یہ اعزاز چار زمروں کے لئے دیا گیا جن میںجامع آبپاشی کے لئے ڈھانچوں کی تعمیر میں بہترین گرام پنچایت اور ایم جی نریگا کے تحت واٹر ہارویسٹنگ میں بہترین کارکردگی دِکھانے والی گرام پنچایت بھی شامل ہیں۔کولگام اور سانبہ اضلع کو’’ جل سنگراہ‘‘ کاموں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا جبکہ ان ہی اضلاع کو ایم جی نریگا کے تحت واٹر ہارویسٹنگ میں بہترین گرام پنچایتوں کا اعزاز ملا۔اسی طرح ڈوڈہ ضلع کے کہترا بلاک اور پونچھ ضلع کے منڈی بلاک کو ایم جی نریگا سکیم کی مؤثر عمل آوری کے لئے اعزاز سے نوازا گیا۔19 ؍ دسمبر2019ء کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جموں وکشمیر میں 2.76لاکھ دیہی کنبوں کو ایم جی نریگا سے معاونت ملتی ہے جبکہ 15.20 لاکھ رجسٹرڈ ورکراس کے زمرے میں آتے ہیں۔ کل ورکروں میں سے خواتین ورکروں کی تعداد 68,00,49 جبکہ درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے ورکروں کی تعداد 11,09,25 ہے۔ 19 ؍ دسمبر 2019ء کے اعداد و شمار کے مطابق سکیم کے تحت جموں وکشمیر میں 98لاکھ ایام کار مہیا کئے گئے ہیں جبکہ یونین ٹریٹری میں 4.16 لاکھ پائیدار اثاثے قائم کئے گئے ہیں۔محکمہ تمام سکیموں کی شفاف طریقے پر عمل آوری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے اور بہتری کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں، جموں وکشمیر مرکزی خطے کے محکمہ دیہی ترقی کواعزازات کا’چوکا‘مبارک ہولیکن یہاں کئی برسوں سے لوگ منریگاکی اُجرتوں ودوسرے بقایاجات کی عدم ادائیگی کولیکرپریشان حال ہیں، کئی لوگ اپناسب کچھ فروخت کرکے بھی منریگاکے کرائے گئے کاموں کے قرضہ جات سے نجات حاصل نہ کرپائے ہیں، حال ہی میں آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس نے 168گھنٹے کی بھوک ہڑتال بھی کی ،حکومت کوچاہئے کہ منریگاکومن وعن عملایاجائے، 15دِنوں میں اُجرت کی ادائیگی کااحترام کیاجائے،تعمیراتی مواد کے بقایاجات بروقت اداکئے جائیں تاکہ تعمیروترقی ودیہی عوام کو روزگارمیسرہوسکے۔