مکانات وپسماندہ بستیوں کی ترقی کیلئے بنے جامع پالیسی:لیفٹیننٹ گورنر

0
0

بارہمولہ ، اننت ناگ اور اودھمپور اضلاع میں پی ایم اے وائی کے تحت غیر تسلی بخش سرگرمیوں پہ اِظہارِ برہمی
لازوال ڈیسک

جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے مکانات و شہری تری محکموں کوہدایت دی ہے کہ وہ مکانات کی بڑھتی ہوئی مانگ کے علاوہ شہری ترقی کے لئے ایک جامع منصوبہ ترتیب دیں۔اُنہوں نے پسماندہ بستیوں کی ترقی کے لئے بھی کام کرنے کی ہدایت دی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے یہ ہدایات آج ایک میٹنگ کے دوران دیں جو جموں وکشمیر میں پردھان منتری آواس یوجنا کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔میٹنگ کے دوران بی ایل سی کے تعلق سے لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر میں اقتصادی طور پسماندہ طبقو ں کو پی ایم اے وائی کے تحت فراہم کی جانے والی مالی معاونت کو بڑھانے کے لئے ایک منصوبہ طلب کیا۔اُنہیں بتایا گیا کہ جموں وکشمیر کی حکومت اقتصادی طور پسماندہ طبقوں سے وابستہ افراد کو 16,666 روپے جبکہ مرکزی حکومت 1.5لاکھ روپے فراہم کرتی ہے۔بارہمولہ ، اننت ناگ اور اودھمپور اضلاع میں پی ایم اے وائی کے تحت غیر تسلی بخش سرگرمیوں کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے مکانات و شہری ترقی محکمہ کے نوڈل سپر وائزروں سے وضاحت طلب کرنے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سوچھ بھارت مشن اور جل جیون مشن کے تحت ہر گھر کو بیت الخلاء اور پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم اے وائی کے چار اجزأ بشمول بی ایل سی ، اے ایچ پی ،آئی ایس ایس آر اور سی ایل ایس ایس کے تحت 79,331 کے نشانے کے مقابلے میں 55,155 مکانات کی تعمیر کو منظوری دی گئی۔مزید بتایا گیا کہ بی ایل سی کے تحت 3,311 مکانات کی تعمیر مکمل کی گئی ہے جبکہ اے ایچ پی کے تحت 13,100مستحقین کی نشاندہی کی گئی ہے ۔پی ایم اے وائی گرامین کے پہلے مرحلے کے تحت 37,494مکانات کے مقابلے میں 395.87 کروڑ روپے لاگت والے 17,743 مکانات مکمل کئے جاچکے ہیں ۔دوسرے مرحلے میں 19مکانات کی تعمیر مکمل کی جاچکی ہے جس کے لئے 52,500مکانات کا نشانہ مقرر کیا جاچکا ہے۔اب تک 89,994کے کل نشانے کے مقابلے میں 17,762مکانات کی تعمیر مکمل کی جاچکی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے جے اینڈ کے ہاوسنگ بورڈ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات طلب کرتے ہوئے اِس ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔ہاوسنگ بورڈ کی جانب سے قائم کی گئی ہاوسنگ کالونیوں کی تفصیلات دیتے ہوئے میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں وکشمیر ہاوسنگ بورڈ کے انتظامی کنٹرول کے تحت سات گورنمنٹ کالونیاں قائم کی جاچکی ہیں۔مزید بتایا گیا کہ اس مقصد کے لئے کشمیر میں 2,862اور جموں میں 6,099 پلاٹوں کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔اس کے علاوہ ہاوسنگ بورڈ نے دربار مو ملازمین کے لئے 1,240 فلیٹ تعمیر کئے ہیں۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، فائنانشل کمشنر خزانہ ارون کمار مہتا،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری بپل پاٹھک ، پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی دھیرج گپتا ، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما ، سیکرٹری دیہی ترقی شیتل نندا اور جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین راجیو رنجن بھی موجود تھے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا