ساری دنیا میں کیرالہ سے اردو کی شمع روشن ہوگی: ڈاکٹر شیخ عقیل احمد

0
0

کیرالہ کے کوزی کوڈ میں منعقدہ ایک انٹریکٹیو سیشن میں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر کا اظہار خیال
لازوال ڈیسک

کوزی کوڈ: کیرالہ اردو کا ایک بڑا مرکز بن سکتا ہے کیونکہ یہاں تعلیم کا معیار بہت اچھا ہے اور تعلیم کی شرح 100 فیصد ہے۔ یہاں کے لوگوں کے ہاتھوں میں اردو کا مستقبل محفوظ ہے ۔ ساری دنیا میں کیرالہ سے اردو کی شمع روشن ہوگی۔یہ باتیں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کوزی کوڈ، کیرالہ میں مدارس کے ذمے داران، غیر سرکاری تنظیموں اور اداروں کے ساتھ ایک انٹریکٹیو سیشن کے دورران کہیں۔انھوںنے کہا کہ یہاں کے کچھ علاقوں کی مادری زبان اردو ہے لیکن وہ اپنا کام اردو میں نہیں کرپارہے تھے ،اب ایک طویل جدوجہد کے بعد انھیں اردو زبان میں کام کرنے کا حق حاصل ہواہے،اس لیے یہ امید کی جاسکتی ہے کہ وہ نہ صرف کیرالہ میں اردو کے فروغ کے لیے کوشش کریں گے بلکہ ساری دنیا میں ان کے ذریعے اردو کی شمع روشن ہوگی ۔انھوں نے مزید کہا کہ یہاں کی ریاستی حکومت سے ہم نے درخواست کی ہے کہ یہاں پرا ئمری سطح پر اردو تعلیم کا نظم کیا جائے۔ یہاں تقریباً دو ہزار اردو اساتذہ ہیں اور ان کی اپنی یونین بھی ہے۔ ان کے اشتراک سے ہم یہاں اردو اساتذہ کے لیے ایک تربیتی پروگرام بھی جلدی ہی منعقد کریں گے۔ یہاں کی لائبریریوں میںہم قومی اردو کونسل سے کتابیں بھی بھیجیں گے۔انھوں نے کونسل کا تعارف بھی پیش کیا ساتھ ہی مختلف اسکیموں اور پروگراموں کی تفصیلات بھی بتائیں۔ انھوں نے کہا کہ کونسل سے کمپیوٹر کورس خطاطی اور گرافک ڈیزائننگ، مالی تعاون اسکیم کے تحت مسودے کی اشاعت، پروجیکٹ، کتابوں کی خریداری، قومی و عالمی سمیناروں کا انعقاد اور فاصلاتی تعلیم کے تحت اردو ، عربی اور فارسی کے ڈپلومہ کورسس جیسے پروگرام اور اسکیمیں چلائی جاتی ہیں، جن سے کیرالہ کے لوگوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ یہاں کے مختلف اردو پروگراموں میں قومی اردو کونسل ہر ممکن تعاون دے گی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کرائے جانے والے کلچرل پروگراموں میں بھی کونسل مدد کرے گی۔اس انٹریکٹیو پروگرام میں ہی اردو کے ایک شیدائی نے جلد از جلدکوزی کوڈ سے ایک اردو اخبار جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا