لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے ۔ کے ۔ شرما نے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے قائم کی جانے والی صنعتی بستیوں کو زمین فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔مشیر موصوف ایک جائزہ میٹنگ میں بول رہے تھے جو جموں وکشمیر صنعتی بستیوں کے قیا م کے لئے زمین کی حصولیابی کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔پرنسپل سیکرٹر ی صنعت و حرفت نوین کمار چودھری ، سیکرٹری مال عبدالمجید بٹ ، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما ،صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ،ڈائریکٹر انڈسٹریز کشمیر اور ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر انڈسٹریز جموں اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔مشیر موصوف نے کہا کہ اَفسروں کو زمین کی نشاندہی میں سرعت لانی چاہیئے جہاں نئی صنعتی بستیاں قائم کی جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی بستیوں کے قیام اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں یہ اقدامات دُور رَس نتائج کے حامل ثابت ہوں گے۔صوبائی کمشنر کشمیر نے میٹنگ میں بتایا کہ صنعتی بستیوں کے قیام کے لئے زمین کی نشاندہی کا کام پہلے ہی شروع کیا جاچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرو نے مختلف اضلاع میں تقریباً 1.20 کنال اراضی کی نشاندہی کی ہے۔اِس سلسلے میں صوبائی کمشنر نے بھی میٹنگ میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ جموں صوبہ کے مختلف اضلاع میں اس مقصد کے لئے 3.40 لاکھ کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔