اناؤ عصمت دری متاثرہ کی صفدر جنگ اسپتال میں موت
یواین آئی
نئی دہلی؍؍قومی دارالحکومت کے صفدر جنگ اسپتال میں اناؤ عصمت دری متاثرہ نے جمعہ کی دیر رات آخری سانس لی ۔ صفدر جنگ اسپتال کے شعبہ برن اینڈ پلاسٹک سرجری کے سربراہ ڈاکٹر شلبھ کمار نے بتایا کہ لڑکی کو نازک حالت میں جمعرات کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن گزشتہ رات تقریبا ساڑھے آٹھ بجے اس کی طبیعت تیزی سے بگڑنے لگی ۔ ڈاکٹروں نے ادویات کی مقداربھی بڑھائی لیکن تقریبا 11.10 پر اس کو دل کا دورہ پڑا اور 11.40 پر اس نے آخری سانس لی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود متاثرہ کو بچایا نہیں جا سکا ۔ واضح ر ہے کہ جمعرات کی صبح ہی اناؤ میں پانچ ملزمان نے اس پر پٹرول ڈال کر جلا دیا تھا ۔ ان ملزمان میں سے ایک متاثرہ کی اجتماعی عصمت دری کا اصل ملزم بھی تھا ۔ دہلی خواتین کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال نے ٹویٹ کر کے کہا ‘‘کھوکھلے سسٹم سے لڑنے کے بعد ملک کی ایک اور بیٹی نے دم توڑا ۔ مرتے ہوئے بھی لڑتی رہی اور ڈاکٹروں سے اسے زندہ رکھنے کی فریاد کرتی رہی، کہہ رہی تھی اسے اپنے قاتلوں کو پھانسی چڑھتے ہوئے دیکھنا ہے ’’۔انہوں نے گونگي بہری مرکز ی اور اتر پردیش کی حکومت سے قاتلوں کو فوری طور پر فاسٹ ٹریک عدالت میں سماعت کر کے پھانسی دینے کی اپیل کی ۔