جموں وکشمیر لائٹ انفینٹری خدمت خلق کے جذبے سے سرشار فورس: لیفٹیننٹ جنرل ڈھلوں
یواین آئی
سرینگر؍؍سری نگر میں قائم فوج کی 15 ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے کہا کہ جموں وکشمیر لائٹ انفینٹری سے وابستہ فوجی اہلکار انسانیت کی خدمت کرنے کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فورس سے وابستہ ریٹائر صوبیدار محمد الیاس نے حال ہی میں کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں برفانی تودے میں پھنسے ایک فوجی جوان کی جان بچائی۔لیفٹیننٹ جنرل ڈھلوں ہفتہ کے روز یہاں سری نگر کے مضافاتی علاقہ رنگریٹ میں واقع بی ایس پریڈ گرائونڈ میں منعقدہ جموں وکشمیر لائٹ انفینٹری کے 404 اہلکاروں کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ یہ پاسنگ آوٹ پریڈ ہفتہ کی صبح اس وقت منعقد ہوئی جب شدید دھند اور ٹھنڈ نے پوری وادی کو اپنی گرفت میں لیا تھا۔مسٹر ڈھلوں نے سخت سردی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: ‘آج کشمیر میں بہت ہی سرد صبح دیکھنے کو ملی۔ میں اس صبح پاس آوٹ ہونے والے تمام فوجی جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں’۔ انہوں نے جیک لآئی اور اس کے ایک سبکدوش فوجی محمد الیاس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا: ‘جیک لآئی کی اپنی ایک تاریخ ہے۔ اس کے صوبیدار محمد الیاس سبکدوش ہونے کے بعد بھی ایک بہادر فوجی کی طرح کام کررہے ہیں۔ حال ہی میں تین دسمبر کو جب ٹنگڈار کے علاقے میں برفانی تودا گرآیا اور اس میں کچھ جوان پھنس گئے تو صوبیدار محمد الیاس نے وہاں آکر ایک جوان کی جان بچانے میں نمایاں کردار ادا کیا’۔ ان کا مزید کہنا تھا: ‘یہ ہمارے اصلی ہیرو ہیں۔ ان کے دل میں انسانیت اور کشمیریت کا جذبہ ہے۔ جیک لآئی میں یہ جذبہ ہے کہ اس سے وابستہ جوان نہ صرف نوکری بلکہ نوکری کے بعد بھی انسانیت کی خدمات جاری رکھتے ہیں’۔ لیفٹیننٹ جنرل ڈھلوں نے تقریب کے حاشئے پر محمد الیاس کے ہمراہ نامہ نگاروں کو بتایا: ‘الیاس صاحب 3 جیک لآئی کے ایک بہادر صوبیدار کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے ہیں۔ وہ برفانی تودوں میں پھنسے فوجیوں اور دیگر افراد کو بچانے میں مہارت رکھتے تھے۔ دو سینا میڈل اور پانچ بار ان کو چیف آف آرمی کی طرف سے توصیفی سند سے نوازا جاچکا ہے۔ الیاس کپوارہ کے ٹنگڈار علاقے سے تعلق رکھتے ہیں’۔