شیخ عبداللہ کے یومِ پیدائش کے موقعہ پر راجوری میں تقریب کا انعقاد ، مرحوم کے حق میں دعائیں بھی مانگی
عمرارشدملک
راجوری؍؍راجوری میں نیشنل کانفرنس کے کارکنان نے سینئر لیڈر ایڈوکیٹ مظفر اقبال خان کی زیرقیادت پارٹی کے بانی مرحوم شیخ عبداللہ کے یومِ پیدائش کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقعہ پر سابقہ ایم ایل ائے اور سینئر لیڈر اسلم خان، اقبال بٹ، پروفیسر بشیر احمد ماگرے اور یوتھ نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر متی الرحمان میر بھی خاص طور پر موجود رہے۔ اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے بانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائیں مانگی گئی اور پھر جلسہ کی کاروائی شروع کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ مظفر اقبال خان نے کہا شیر کشمیر نے ریاست کی بقاء کے لئے ہندوستان کا ہاتھ تھاما تھا لیکن آج جموں کشمیر کے تمام خصوصی حقوق کو پامال کردیا گیا ہے اور ایک ریاست کو مرکزی کی زیر انتظامیہ یو ٹی بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اور غیر جمہوری طریقے کار سے ہمارے تمام حقوق کو ختم کیا گیا ہے۔ وہیں اس دوران نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر ایڈوکیٹ مظفر اقبال نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حقوق کو پامال کر دیا گیا یے اور حکومت ہند صرف اپنے ملک کے لوگوں کو گمراہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم یہاں مرحوم شیر کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے تھے لیکن کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہونے سے ہمیں جلسہ کی شکل اختیار کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کے نمائندے کہتے ہیں کہ کشمیر میں سب کچھ ٹھیک ہے تو میں ان سے پوچھتا ہوں کہ اگر سب کچھ ٹھیک ہے تو پھر کشمیر بند کیوں ہے، سیاسی قیادت قید کیوں ہے، نوجوان کو جیلوں میں کیوں رکھا گیا ہے، انٹرنیٹ کی سہولیات کو بند کیوں رکھا ہے۔ ایڈوکیٹ مظفر نے کہا کہ ہم نیشنل کانفرنس کے سپاہی ہے اور آخری دم تک اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرتے رہے گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کو قید و بند کرکے افواج کو تعینات کر کے دفعہ 370 اور 35A کو ختم کیا گیا ہے جو کہ غیرقانونی اور غیر جمہوری طریقہ کار تھا اور آئین ہند کے دفعہ 3 کے تحت کسی بھی ریاست کو یو ٹی میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا لیکن پھر بھی زور زبردستی سے جموں کشمیر کو یوٹی میں تبدیل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لیڈروں کی رہائی کے لئے ہر قسم کی جدوجہد کریں گے اور پھر سے ریاست کا درجہ حاصل ہونے تک ہم اپنی قربانیاں دینے سے بھی پیچھے نہیں ہٹے گے۔