کانپور، (یو این آئی) دھننجے یادو (سات رن پر تین وکٹ) کے طوفانی اسپیل کے ساتھ جیتو کشیپ (45 رن پر تین وکٹ) اور نشانت ٹھاکر (34 رن پر دو وکٹ) کے شاندار کارکردگی کی بدولت میزبان اترپردیش نے وجے مرچنٹ انڈر 16 مقابلے میں بڑودہ کی پہلی اننگز کو 157 رنز پر محدود کر چار روزہ میچ کے دوسرے دن منگل کو اپنا شکنجہ کس دیا۔کملا کلب میدان پر پہلی اننگز میں 130 رنز کی برتری لینے کے بعد اتر پردیش نے دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 86 رنز بنا لئے تھے ۔ اس طرح میزبان ٹیم کی برتری بڑھ کر 216 رنز ہو چکی ہے ۔ اوپنر دیپک رانا (51) اور کپتان ارادھیہ یادو 35 رنز بنا کر کریز پر ڈٹے ہوئے تھے ۔بڑودہ کی جانب سے یرتھاتھ گھنچلا (42) نے اپنی ٹیم کے اسکور میں سب سے زیادہ اہم کردار ادا کیا جبکہ راجویر جادو (34) اور بھویشیہ پٹیل (29) نے ٹیم کو قابل احترام پوزیشن میں پہنچانے کی بھرپور کوشش کی تاہم دھننجے یادو نے مہمان ٹیم کے تین بلے بازوں کو سستے میں چلتا کر مڈل آرڈر کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی۔ مہمان ٹیم کے پانچ کھلاڑی دھائی کے ہندسے تک پہنچنے میں ناکام ثابت ہوئے ۔پہلی اننگز میں 287 رنز بنا کر اہم برتری حاصل کرنے والی یوپی ٹیم کی سلامی جوڑی دوسری اننگز میں پورے شباب پر نظر آئی۔ دیپک رانا نے اب تک کی ناقابل شکست نصف سنچری اننگز میں 79 گیند کھیل کر آٹھ چوکے لگا چکے تھے جبکہ دوسرے سرے پر ارادھیہ کے 35 رنز میں چھ چوکے شامل ہو چکے تھے ۔