ایس ٹی سی بارہمولہ میں پاسنگ آوٹ پریڈ

0
0

پولیس جموں وکشمیر میں بے مثال خدمات فراہم کر رہی ہے :لیفٹیننٹ گورنر
جموں وکشمیر کی ترقی کیلئے پولیس اور سول اِنتظامیہ کے رول کو اہم قرار دیا
لازوال ڈیسک
بارہمولہ؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے آج کہا کہ پولیس اور سول انتظامیہ کے مابین قریبی تال میل جموں وکشمیر کی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے اہم ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے اور اُن کی سلامتی کے لئے پولیس بے مثال خدمات فراہم کر رہی ہے۔ایس ٹی سی شیری بارہمولہ میں 15ویں بی آر ٹی سی کی پاسنگ آوٹ کم ایٹسٹیشن پریڈ پر خطاب کرتے ہوئے جی سی مرمو نے کہا کہ جمو ںوکشمیر کی پولیس خطے میں امن و قانون بنائے رکھنے کے لئے بہترین کام کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس فورس قوم کی ایک قدیم فورس ہے اور اس پولیس فورس نے مختلف چیلنجوں کا مقابلہ اوربہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان کی فضا قائم رکھی ہے ۔جی سی مرمو نے بیک ٹو وِلیج پروگرام کے دوران پولیس اور سول انتظامیہ کے کام اور رول کی سراہنا کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو تحفظ کا احساس دِلانے ، انہیں بلا خلل خدمات فراہم کرنے اور جموںوکشمیر کی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے پولیس اور سول انتظامیہ کے درمیان مضبوط تال میل پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں پنچایتی انتخابات ، بی ڈی سی انتخابات اور بیک ٹو ولیج جیسے پروگرام منعقد کرائے گئے اور پولیس و نیم فوجی اہلکاروں نے ان پروگراموں اور سرگرمیوں کی کامیابی میں ایک اہم رول ادا کیا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ لوگ گھروں سے باہر آکر حکومت کے ترقیاتی ایجنڈا کو کامیاب بنانے کے لئے عملی طور شراکت دار بن رہے ہیں ۔جی سی مرمو نے کہا کہ خطے میں امن و قانون بنائے رکھنے کے علاوہ جموں وکشمیر کی پولیس پر سرکار کی جانب سے شروع کی گئی فلاحی سکیموں کو نتیجہ خیز بنانے کی ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔لوگوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیتے ہوئے جی سی مرمو نے کہا کہ ’’ عوام دوست پولیسنگ‘‘ وقت کا تقاضا ہے جس کے ہرسطح پر مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں۔پاسنگ آوٹ کیڈٹوں سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ یہ ایک تاریخی موقعہ ہے ۔ آج سے آپ پولیس کی مین سٹریم رینک میں داخل ہورہے ہیں اور آپ پر قوم کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔اُنہوں نے تربیتی پروگرام اور پریڈ کا کامیاب اِنعقاد کرنے کے لئے جموںوکشمیر پولیس کو مبارک باد دی۔اُنہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ پولیس میں تقرری کا عمل ایک شفاف طریقے کار کے ذریعے عملایا جاتا ہے۔اُنہوں نے تربیت پانے کیڈٹوں سے تلقین کی کہ وہ لگن اور تن دہی کے ساتھ اپنے فرائض اداکریں۔ترقیاتی پروجیکٹوں کے حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ سرکار کی ترقیاتی سکیموں سے بھرپور استفادہ کریں۔ جی سی مرمو نے کہا کہ انتظامیہ نے التوا ٔمیں پڑے 2500 پروجیکٹوں کی نشاندہی کی ہے جنہیں مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ ا ن میں سے ایک ہزار پروجیکٹوں کو عنقریب پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے پریڈ کا معائینہ کیا اور سلامی لی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ آج کی پریڈ میں تربیت مکمل کرنے والے 950کیڈٹوں نے حصہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انہوں نے ایک میٹنگ میں پولیس محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے کہا کہ پولیس کی فلاح و بہبود کے لئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں اور پولیس کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔اپنے استقبالیہ خطبے میں پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے پولیس کی فلاح و بہبود کے لئے سنجیدگی کا اظہار کرنے پر انتظامیہ خصوصاً لیفٹیننٹ گورنر کی کاوشوں کی سراہنا کی۔ڈی جی پی نے 9مہینوں کی تربیت مکمل کرنے کے بعد پولیس رینک میں شمولیت پر کیڈٹوں کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کیڈٹوں کی پولیس فورس میں شمولیت سے یہ فورس مزید مستحکم بنے گی۔ایس ٹی سی کے پرنسپل شوکت احمد ڈار نے تربیت سے فارغ ہونے والے کیڈٹوں کے پروفائیل کے بارے میں بتایا۔اس موقعہ پر فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اتل ڈولو، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی ڈاکٹر بی سری نواس ، اے ڈی جی پی آرمڈ ایس جے ایم گیلانی ، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی ،آئی جی پی آرمڈ وِجے کمار ، ایس ایس پی بارہمولہ قیوم احمد اور انتظامیہ و پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران موجو د تھے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا