جموں؍؍پی ڈی پی ۔بھاجپامخلوط سرکارکے تین برس مکمل ہونے پرجموں وکشمیرمیں پہلی مرتبہ اقتدارکاحصہ بنی بھاجپانے یہاں ’تین سال بے مثال‘کے نام پرجشن منایا جس میں سینکڑوں پارٹی کارکنان نے شرکت کی ۔تقریب میں مرکزی وزیرپی ایم او ڈاکٹر جتیندر سنگھ ،بھاجپاکے جموں وکشمیرانچارج اویناش رائے کھنہ نے اس ریلی میں خصوصی طورپرشرکت کی جبکہ بھاجپاکے ریاستی لیڈران وکابینہ وزرأ نے بھی شرکت کی۔اس موقع پرڈاکٹرجتیندرسنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ این ڈی اے حکومت وزیراعظم ہندنریندرمودی کی قیادت میں ریاست جموں وکشمیرمیں ترقیاتی ایجنڈے پرعمل پیدارہے گی۔اُنہوں نے کہاکہ ابھی تعمیروترقی کے کام بہت سارے باقی ہیں۔بعدازاں میڈیاسے بات کرتے ہوئے کٹھوعہ واقعے پر بھارتیہ جنتاپارٹی کے مقامی لیڈروں کے طرز عمل کو نامناسب قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم ہند کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت نے کہاکہ تشدد کو ہوا دینے کے بجائے مظاہرین کے ساتھ بات چیت ہونی چاہئے ۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ کٹھوعہ معاملے پر بی جے پی لیڈروں کا طرز عمل نامناسب ہے۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کے جذبات کا احترام کیاجانا چاہئے ۔ وزیر مملکت کے مطابق کٹھوعہ واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا ملنی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو احتجاجیوں کے ساتھ بات چیت کرنی چاہئے کیونکہ مذاکرات کے ذریعے ہی تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ حکومت کے تین سالہ دور کو تاریخی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم ہند کے دفتر میں تعینات مملکت کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی ، بی جے پی اتحاد نے تین سال کے دوران لوگوں کے مسائل حل کئے ہیں۔ اس موقع پراویناش رائے کھنہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھاجپا ریاست میں مرکزی معاونت کی ہر اسکیم کو زمینی سطح پرعملانے کی وعدہ بند ہے۔ اُنہوں نے پارٹی وزرأ سے تلقین کی کہ وہ مزیدسرگرم رول اداکریں اور ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔انہوں نے کہاکہ ہرایک اسکیم اس کے مستحق تک پہنچنی چاہئے۔بھاجپانے یہ ریلی ’’جموں کشمیرسرکارکے تین سال بے مثال‘کے نام سے منعقدکی تھی۔اویناش رائے کھنہ نے کہاکہ کٹھوعہ معاملے پر انصاف ہونا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ کٹھوعہ کے لوگوں کے جذبات کا بھی احترام کرنا لازمی ہے ۔