کارواں گزرناتھا…مرمت توبس ایک بہانہ تھا!

0
0

شاہراہ مرمت کے پیش نظر بند نہیں تھی بلکہ فوجی گاڑیوں کی نقل و حرکت کے لئے مخصوص تھی: ذرائع
یواین آئی

سرینگر؍؍وادی کشمیر کے لئے شہہ رگ کی حیثیت رکھنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ اگرچہ حکام کے مطابق پیر کے روز کئی مقامات پر مرمتی کام جاری رہنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رہی تاہم ذارئع کا کہنا ہے کہ شاہراہ دراصل سیکورٹی فورسز گاڑیوں کی نقل وحمل کے لئے مخصوص تھی۔سرکاری ذرائع کی مانیں تو سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پیر کے روز کئی مقامات پر مرمتی کام جاری رہنے کی وجہ سے ٹریفک کی آمد ورفت کے لئے بند تھی اور کسی بھی جانب گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ان کے مطابق حال ہی میں شاہراہ پر کئی مقامات پر بھاری بھرکم مٹی کے تودے گر آئے تھے جن سے شاہراہ اس قدر خستہ ہوئی تھی کہ فوری مرمت ناگزیر بن گئی تھی۔ تاہم یو این آئی کو باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر پیر کے روز سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کی نقل وحمل جاری تھی جبکہ پبلک و پرائیویٹ گاڑیاں بند تھیں۔انہوں نے بتایا کہ شاہراہ پر کئی مقامات پر مرمتی کام سال بھر جاری رہتا ہے اور وہ ایک امر معمول ہے۔ قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں سال رواں میں ہی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ ہفتے میں دو دن سیکورٹی فورسز کی نقل وحمل کے لئے مخصوص تھی جس پر وادی کے سایسی و عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر پھیل گئی تھی اور سیاسی حلقوں نے احتجاج بھی درج کیا تھا۔ ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی میں موسم خشک رہنے کے باعث مطلع صاف رہنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سری نگر میں بھی درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں درجہ حرارت منفی 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا