چنڈی گڑھ، (یو این آئی ) پنجاب حکومت گرو نانک دیو کے 550 ویں پرکاش پرو کی یاد میں ایک سے دس دسمبر تک بین الاقوامی کبڈی ٹورنامنٹ منعقد کرے گی جس میں ہندستان کے علاوہ آٹھ دیگر غیر ملکی ٹیمیں میں حصہ لیں گی۔ریاست کے کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر رانا گرمیت سوڈھي نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ہندستان کے علاوہ آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا، کینیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان میں سے آسٹریلیا کی ٹیم جالندھر پھنچ چکی ہے اور دیگر ٹیمیں بھی ایک دو دن میں پنجاب پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ٹیم کی ویزا سے متعلق خانہ پری بھی جمعہ تک مکمل ہو جانے کا امکان ہے ۔ اس سلسلے میں پنجاب حکومت مسلسل مرکزی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے ۔مسٹر سوڈھی کے مطابق ٹورنامنٹ کیلئے تمام تیاریاں اب تقریبا مکمل کر لی گئی ہیں اور ٹیمیں کے ٹھہرنے یا ان کی حفاظت کے بھی پختہ انتظام کئے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 25 لاکھ روپے ، رنر اپ کو 15 لاکھ روپے اور تیسرے مقام پر رہنے والی ٹیم کو دس لاکھ روپے کی انعامی رقم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کا آغاز ایک دسمبر کو کپورتھلہ کے سلطانپور لودھی میں خوبصورت تقریب کے ساتھ کریں گے جس میں وہ خود بطور مہمان خصوصی موجود رہیں گے ۔ اس دن یہاں چار میچ کھیلے جائیں گے ۔ اختتامی تقریب دس دسمبر کو گرداس پور ضلع کے ڈیرہ بابا نانک میں ہوگا جہاں وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ بطور مہمان خصوصی فاتح ٹیموں کو ایوارڈ پیش کریں گے ۔ٹورنامنٹ کے میچوں کی تفصیلات دیتے ہوئے وزیر کھیل نے بتایا کہ تین دسمبر کو گرو نانک اسٹیڈیم امرتسر میں دو میچ، چار دسمبر کو فیروز پور کے گروھرسھائے واقع گورو رام داس کھیل اسٹیڈیم میں دو میچ، پانچ دسمبر کو بٹھنڈہ اسٹیڈیم میں دو میچ، چھ دسمبر کو پٹیالہ کے پولو میدان میں دو میچ، آٹھ دسمبر کو آنند پور صاحب ضلع میں روپڑ واقع گنگا اسٹیڈیم میں دو سیمی فائنل ، دس دسمبر کو گرداس پور کے ڈیرہ بابا نانک میں شہید بھگت سنگھ اسٹیڈیم میں تیسرے اور چوتھے مقام کے لیے میچ اور فائنل میچ کھیلا جائے گا اور اس کے بعد اختتامی تقریب منعقد ہو گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچ کو پی ٹی سی چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد ریاستی حکومت کی طرف سے پنجاب کبڈی یونین کی سرپرستی میں کیا جائے گا اور تمام میچ کبڈی قوانین کے مطابق کھیلے جائیں گے ۔ حکومت نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے پانچ کروڑ روپے کے بجٹ کا انتظام کیا ہے ۔ البتہ اخراجات کیلئے اسپانسرز کے بھی ٹورنامنٹ سے جڑنے کا امکان ہے ۔ ٹورنامنٹ میں ریاستی حکومت کے وزراء کے علاوہ بڑی تعداد میں کئی معزز مہمان مختلف میچ سائٹس پر کبڈی مقابلوں کا لطف اٹھاتے نظر آئیں گے