کالجوں کے کنٹریکچول اساتذہ کا احتجاج

0
0

نوکریوں کی مستقلی اور تنخواہوں کی واگزاری کا مطالبہ
یو این آئی

سری نگر//کشمیر کے مختلف کالجوں میں عارضی بنیادوں پر تدریسی فرائض انجام دینے والے اساتذہ کی دو تنظیموں نے جمعہ کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات خاص طور پر نوکریوں کی مستقلی اور تنخواہوں کی واگزاری کو لے کر احتجاج کیا۔احتجاجی اساتذہ نے ہاتھوں میں انگریزی زبان میں لکھے پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے جن پر ‘ہمارا مزید استحصال مت کرو’، ‘ہماری نوکریوں کو مستقل کرو’، ‘انصاف میں تاخیر، انصاف نہ ملنے کے مترادف’ وغیرہ جیسے نعرے رقم تھے، احتجاجی مطالبات کے حق میں نعرہ بازی بھی کررہے تھے۔جموں کشمیر کالج کنٹریکچول ٹیچرس ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ بیس برسوں سے مختلف کالجوں میں کام کررہے ہیں اگر ہمارے مطالبوں کو پورا نہیں کیا گیا تو ہم خود کشی کرنے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کہا: ‘ہم وادی کے مختلف کالجوں میں گزشتہ بیس برسوں سے مسلسل کام کرتے ہیں، ہمارے ساتھ کئی بار ہمارے لئے پالیسیاں مرتب کرنے کا وعدہ کیا گیا لیکن اب تک کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا، اگرہمارے مطالبوں کو جلد از جلد پورا نہیں کیا گیا تو ہم خود کشی کرنے پر مجبور ہیں’۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ ہم گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم قریب 23 سو عارضی کالج اساتذہ گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، موجودہ حالات میں ہمیں دانے دانے کے لئے ترسنا پڑرہا ہے’۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ ہم سال 2011 میں بھی قریب 40 دنوں تک اپنے مطالبات کو لے کر بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے لیکن اس وقت بھی ہمیں سبز باغ ہی دکھائے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم جب اس شعبے میں آئے تھے تو اس وقت ہمارے چہروں پر داڑھی نہیں تھی لیکن آج ہم بچے والے ہیں لیکن ہمارے مسائل جوں کے توں ہیں۔موصوف نے کہا کہ ہم نے محکمے کی خدمت میں پاپڑ بیلے لیکن ہماری کہیں بھی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کئی ایس آر اوز بنائے جاتے ہیں لیکن اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کے لئے کوئی پالیسی مرتب نہیں کی جارہی ہے۔ڈاکٹر انتخاب عالم نامی ایک احتجاجی نے کہا کہ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کو بھی چاہئے کہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کا سڑکوں پر آنے کے متعلق معاملے کی طرف توجہ مبذول کریں۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے مسائل حل نہیں کئے جائیں گے ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ متواتر حکومتوں نے ہمارے ساتھ دغابازی کی ہے اور ہماری تضحیک کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا