میڈرڈ، (یو این آئی ) عالمی نمبر ایک کھلاڑی رافیل نڈال کی بدولت اسپین نے کینیڈا کو شکست دے کر چھٹی بار ٹینس کے عالمی کپ کہے جانے والے ڈیوس کپ کا خطاب اپنے نام کر لیا ہے ۔نڈال نے ایک میچ میں کینیڈا کے ڈینس شاپووالوو کو 6-3، 7-6 (9/7) سے شکست دے کر اسپین کی جیت یقینی کی۔ میڈرڈ کے کاجا میجکا میں کھیلے گئے میچ میں اسپین کے لئے رابرٹا بتستا اگت نے اپنے سنگلز میچ میں فیلکس اگر الیاسمے کو 7-6 (7/3)، 6-3 سے شکست دی۔ 33 سالہ نڈال نے ٹیم کی فتح کے بعد کہاکہ میں اپنے سال کی تکمیل اس طرح کرکے بہت خوش ہوں۔ نڈال نے اس سے پہلے اسپین کے برطانیہ کے خلاف سیمی فائنل میچ میں جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لیے کنگ فلپ اور ریال میڈرڈ کے سرجیو راموس کے علاوہ بارسلونا کے ڈفینڈر گیرارڈ پک بھی پہنچے تھے ۔نڈال کے کیریئر کا یہ چوتھا ڈیوس کپ فائنل تھا۔ اس سے پہلے وہ 2004، 2009 اور 2011 میں اسپین کو خطاب دلا چکے ہیں۔ نڈال کے لیے گزشتہ 12 ماہ کافی کامیاب رہے ہیں جس میں انہوں نے فرانسیسی اور امریکی اوپن جیتنے کے علاوہ دنیا کی نمبر ایک رینکنگ بھی حاصل کی ہے ۔ ہسپانوی ٹیم کو ڈیوس کپ کے خطاب کے ساتھ 21 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم بھی ملی۔ کینیڈا کے بجائے اسپین طرف سے اپنی ٹیم میں پانچوں اہم کھلاڑیوں بتستا اگت، پابلو کارینو بستا اور فلیسیانو لوپیز کو اتارا جس میں تمام نے سنگلز میچ کھیلے اور لوپیز اور مارسیلو گینولرس نے ڈبلز میچ کھیلا۔ وہیں ہسپانوی ٹیم کو اپنے گھریلو شائقین کی حمایت کا بھی فائدہ ملا۔