اننت ناگ ضلع کے دوردراز دیہات میں بیکاٹ کا خاصہ اثر
شاہ ہلال
اننت ناگ//بیک ٹو ولیج (آوچلے گائوں کی اور) پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت جنوبی ضلع اننت ناگ کے دوردراز دیہات میں زیادہ تر لوگوں نے پروگرام کو فضول مشق قرار دیتے ہوئے پروگرام سے دوری بنائی رکھی۔بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوسرے مرحلے کے پہلے روز ضلع اننت ناگ کے دوردراز دیہات کپرن،دودوگن،نوگام،رنگمنڈو،نوگام،ہلڑ،منزموہ وغیرہ میں تقریبات کا انعقاد ہوا اور لوگوں کو پروگرام میں شرکت کرنے کی دعوت دی گئی تھی تاہم پروگرام میں ملازمین کے سوا عام لوگوں نے دوری بنائی رکھی،لوگوں میں حکومت و انتظامیہ کے تئیں سخت ناراضگی پائی جا رہی ہے اُن کا کہنا تھا کہ یہ فضول مشق ہے اگرچہ حکومت نے پہلے مرحلے میں لوگوں کے مسائل کو ترجہی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کی تھی تاہم اُن وعدوں کو عملی جامہ نہیں پہنایا گیا ۔اس بیچ کپرن میں لوگوں نے بنیادی سہولیات کے فقدان کو لے کر اس وقت احتجاج کیا جب یہاں ڈاک بنگلہ میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت تقریب چل رہی تھی۔