جموں/ فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اتل ڈولو نے ایک جائزہ میٹنگ کے دوران آئی ایم آر میں کمی اور آر ایم این سی ایچ اے کی سکیموں کی پیش رفت کا جائز ہ لیا۔ سکیموں کو این ایچ ایم کے تحت جموں میں عملایا جارہا ہے ۔ اتل ڈولو نے کہا کہ حکومت نوزائید بچوں کی شرح اموات میں کمی لانے کی وعدہ بند ہے ۔ اس موقعہ پر کئی دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ این ایچ ایم کی مدد سے جموں وکشمیر میں صحت اداروں میں نوزائید بچوں کو بہتر طبی نگہداشت کی سہولیات فراہم کی جائے گی۔ کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود محکمہ منوج کمار دویدی نے کہا کہ کسی بھی مستحق افراد کو پردھان منتری ماتر توا یوجنا سے باہر نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے ذریعے سے مستحقین کو مالی معاونت دی جائے گی۔ مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم بھوپندر سنگھ نے این ایچ ایم کی حصولیابیوں کا ایک خاکہ پیش کیا۔ میٹنگ میں پرنسپل میڈیکل کالج جموں ڈاکٹر سنندا رینہ ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں جبکہ جی ایم سی سری نگر پروفیسر پرویز احمد شاہ ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر سمیر مٹو اور دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔