آر پار رہائش پذیر لوگ محفوظ مقامات کی اور منتقل ہونے پر مجبور
سرینگر //جے کے این ایس // کئی دنوں کی خاموشی کے بعد راجوری اور پونچھ سیکٹروں میں ہندو پاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔ دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی رینجرس کی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دیا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق پاک بھارت افواج کے درمیان ایک دفعہ پھر گولہ باری کا تبادلہ ہو۔ معلوم ہوا ہے کہ پونچھ اور راجوری سیکٹروں میں ہندو پاک افواج نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں سرحد کے نزدیک رہائش پذیر لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ پونچھ اور راجوری سیکٹروں میں گولہ باری کے نتیجے میں لوگ دوسری جگہوں پر منتقل ہونے کیلئے مجبور ہو گئے ہیں۔ دفاعی ذرائع نے پونچھ اور راجوری سیکٹروں میں گولہ باری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے ایک دفعہ پھر ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بی ایس ایف کی چوکیوں کو ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرس کی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دیا گیا۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس نے پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران چار مرتبہ ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور اس سلسلے میں بھارتی فوج نے پاکستانی حکام کے ساتھ معاملہ اُٹھا کر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔