سری نگر/ ناظم باغبانی اعجاز احمد بٹ نے آج کہا کہ محکمہ کا بنیادی مقصد کسانوں اور فصل اُگانے والوں کی آمدنی میں اضافہ اورروزگار کے مواقعے پیدا کرنا ہے ۔ اِن باتوں کا اِظہار ڈائریکٹر موصوف نے آج یہاں پلوامہ میں کنڈی فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل گروؤرس اینڈ ڈیلرس ایسو سی ایشن کے ممبران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اِس موقعہ پر ایسو سی ایشن کے ممبران نے اُنہیں درپیش کئی مسائل سے ڈائریکٹر موصوف کو آگاہ کیا۔اُنہوں نے باغبانی سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے خصوصی ہارٹیکلچر ایسٹیٹ قائم کرنے پر زور دیا۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے حالیہ برفباری سے میوہ اُگانے والوںکو ہوئے نقصان کی بھرپائی کے لئے معاوضہ فراہم کرنے کی درخواست کی۔ اعجاز احمد بٹ نے وفد کو یقین دلایا کہ اُ ن کے جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔اُنہوں نے میوہ باغات کے مالکان کی آمدنی میں اضافہ کرنے اور فصل کی بھرپور کاشت یقینی بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرنے پر زور دیا۔