نئی دہلی ، (یواین آئی)مہاراشٹر میں جمعہ کی رات تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈر دیویندرفڑنویس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر اجیت پوار کے آج صبح حلف لینے سے عین قبل ریاست میں نافذ صدر راج ہٹالیاگیا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے سنیچر کو صبح جاری نوٹیفکیشن میں کہاگیاکہ مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کی سفارش پر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ریاست میں نافذ صدرراج ختم کرنے کی منظوری دی ہے ۔اس سے پہلے مرکزی کابینہ نے بھی اس کی منظوری دی ۔ واضح رہے کہ ریاست میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد بھی نئی حکومت تشکیل نہ ہونے کی وجہ سے مسٹر کووند نے 12نومبر کو وہاں چھ ماہ کے لیے صدر راج نافذ کرنے کا اعلان کیاتھا۔ پچھلے کچھ دنوں سے وہاں شیوسینا ،این سی پی اور کانگریس تینوں پارٹیاں ملکر حکومت سازی کی کوششوں میں مصروف تھیں اور انکے مابین تقریبا اتفاق بھی ہوگیاتھا۔ مہاراشٹرمیں جمعہ کی رات کو تبدیل ہوئی صورتحال میں صبح آٹھ بجے مسٹر فڑنویس نے ریاست کے نئے وزیراعلی اور مسٹر اجیت پوار نے نئے نائب وزیراعلی کے حیثیت سے حلف لیے