شہر خاص میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد افراد گرفتار
سرینگر /جے کے این ایس // شہر میں پُر اسرار وارداتوں کے بیچ فورسز نے پھر چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ درمیانی رات کو سیکورٹی فورسز نے چھاپوں کے دوران ایک درجن کے قریب افراد جن میں مین اسٹریم پارٹیوں کے کارکنان بھی شامل ہیں کو حراست میں لے لیا۔ جے کے این ایس کے مطابق سیکورٹی فورسز نے درمیانی رات کو شہر خاص کے متعدد علاقوں میں چھاپے ڈالے اور گرفتاریاں عمل میں لائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران ایک درجن کے قریب افراد جن میں مین اسٹریم پارٹیوں کے کچھ کارکنان بھی شامل ہیں کو حراست میں لے کر اُن سے پوچھ تاچھ شروع کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالات کو معمول پر لانے کی خاطر گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ پانچ اگست کے بعد انتظامیہ نے وادی کشمیر میں پانچ ہزار کے قریب افراد جن میں مین اسٹریم پارٹیوں کے لیڈران اور کارکنان بھی شامل ہیں کو حراست میں لے لیا تھا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گزشتہ روز سے ایوان کو بتایا کہ اب صرف ایک ہزار کے قریب ہی لوگ نظر بند ہیں باقی سبھی کی رہائی عمل میں لائی گئی ہے۔