۔روہت کنسل بیک ٹووِلیج کے دوسرے مرحلے کیلئے میڈیا منصوبے کو حتمی شکل دی
جموں/ محکمہ اطلاعات کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے آج ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے بیک ٹو وِلیج کے دوسرے مرحلے کے لئے میڈیا منصوبے کو حتمی شکل دی ۔ میٹنگ میں ناظم اطلاعات ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر ، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات جموں نریش کمار، تمام ڈپٹی ڈائریکٹرصاحبان اور اِنفارمیشن افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ‘‘ بی ٹو وی 2 ‘‘ حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا ایک اہم پروگرام ہے اور یہ بیک ٹو وِلیج کی دارہ جاتی نمائندگی کرتا ہے ۔ محکمے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے روہت کنسل نے پروگرام کے پہلے مرحلے کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ کے اہلکاروں کی کوششوں کی ستائش کی۔ اُنہوں نے محکمہ کو حکومت کی ایک اہم شاخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ حکومت اور عوام کے مابین رابطہ قائم کرتا ہے ۔ روہت کنسل نے کہا کہ’’B2V2‘‘ پروگرام کے پہلے مرحلے سے زیادہ مربوط ہے کیوںکہ اس دوران پنچایتوں کو بااختیار بنانے اور پروگرام کے پہلے مرحلے کے دوران کئے گئے فیصلوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کرنے کے علاوہ دیہی اقتصادیات کو مستحکم کرنے پر زور دیا جائے ۔ میڈیا پلان کے بارے میں روہت کنسل نے ایک کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ ’’B2V2‘‘ کے دوران اطلاعات بروقت اِکٹھا کی جاسکیں۔اُنہوں نے اِس بارے میں خبروں اور اطلاعات کی مؤثر تشہیر پر زور دیا۔ اُنہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ بیک ٹو وِلیج کے پہلے مرحلے کی کامیابی کی داستانیں رقم کریں۔اُنہوں نے سکیموں اور ان سے لوگوں کو پہنچنے والے فوائد کے بارے میں بھی لکھنے پر زوردیا۔ روہت کنسل نے ملک کے اطراف و اکناف میں لوگوں کو بیک ٹو وِلیج کے بارے میں باخبر کرنے کے لئے سوشل میڈیا کا معقول استعمال کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے اِس مقصد کے لئے ایک سوشل میڈیا ٹیم تشکیل دینے پر زور دیا۔