نئی دہلی، (یواین آئی)ملک کی سیاست میں بدلے منظرنامے کا اثر آج راجیہ سبھا میں بھی نظر آیا اور قومی جمہوری اتحاد میں اتحادی رہیں شیوسینا اور پیپلس ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے رکن اپوزیشن کی سیٹوں پر بیٹھے نظر آئے ۔پیر کو پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہوگیا ۔جس کے پہلے دن ملک کی سیاست میں کئی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں۔جموں و کشمیر کی تقسیم سے پہلے ریاست میں پی ڈی پی اور بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت تھی۔راجیہ سبھا میں پی ڈی پی کے دو رکن این ڈی اے کے ساتھ برسراقتدار پارٹی کے ساتھ بیٹھتے تھے ۔لیکن اب بدلے ہوئے حالات کے بعد دوونوں پارٹیوں میں اتحاد ختم ہوگیا اور پی ڈی پی کے رکن اپوزیشن کی طرف چلے گئے ۔مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے بعد شیوسینا اور بی جے پی کے اتحاد ٹوٹا اور شیوسینا بھی این ڈی اے سے الگ ہوگئی۔اس سے شیوسینا کے رکن راجیہ سبھا میں کانگریس کے اراکین کے ساتھ بیٹھے نظر آئے ۔پارلیمنٹ کے گزشتہ اجلاس کے وقت شیوسینا حکومت میں شامل تھی اور اس کے رکن برسراقتدار پارٹی کے ساتھ بیٹھتے تھے ۔