نئی دہلی، (یواین آئی)خوراک اور صارفین امور کے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے پیر کو لوک سبھا میں کہا کہ دہلی میں پینے کے پانی کے خراب معیار پر سبھی پارٹیوں کوایک ساتھ آنا چاہئے اور اس پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔دہلی میں پانی کے معیار پر بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈس (بی آئی ایس)کی رپورٹ کو غلط بتانے پر مسٹر پاسوان نے کہا کہ اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔وہ پانی کے معیار پر جانچ کے لئے دو تین سینئر افسروں کو مقرر کریں گے اور دہلی حکومت بھی دو تین افسروں کو مقرر کرے ۔یہ سبھی افسر دہلی کے کسی بھی علاقے میں پانی کے معیار کی جانچ کرکے جو رپورٹ دیں گے اس کو عام کیاجائے گا۔پانی زندگی کے لئے سب سے اہم ہے اور اس کے خراب معیار سے کئی بیماریاں ہوتی ہیں اس لئے اس مسئلے پر سبھی کو ایک ساتھ آنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ مختلف وزارتوں کا کام کاج سنبھالنے کے دوران کسی ریاست کے وزیراعلی ،رکن پارلیمنٹ یا کوئی بھی عوامی نمائندہ اس بات کی شکایت نہیں کرسکتا کہ وہ عام لوگوں کے حقوق سے منسلک مسئلوں پر سیاست کرتے ہیں۔حکومت کی پہل پر 21ریاستوں کے پانی کے معیار کی جانچ کی گئی جس میں پینے کا اچھا پانی مہاراشٹر کا رہا جبکہ دہلی کا معیار سب سے کم سطح پر رہا ہے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ دہلی کا کوئی بھی رکن اسمبلی یہ نہیں کہہ سکتا کہ ان کے علاقے میں پینے کا صاف پانی آتا ہے ۔اس مسئلے پر سبھی سیاسی پارٹیوں کو ایک ساتھ آنا چاہئے تاکہ ملک کے سبھی لوگوں کو پینے کا صاف پانی مل سکے ۔دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے پانی کے معیار پر آئی بی آئی ایس کی رپورٹ کو غلط قرار دیاتھا