سرینگر؍ :کے این ایس / سرینگر ۔ جموں شاہراہ اتوار کو گاڑیوں کی آواجاہی کیلئے کھلی رہی جس دوران ہزاروں گاڑیاں اپنی منزل مقصود کی طرف پہنچ گئیں ۔ ادھر ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ سوموار کو جموں سے سرینگر کی طرف ہلکی گاڑیوں کو آنے کی اجازت ہوگی جبکہ قاضی گنڈ سے جموں کی طرف درماندہ بھاری گاڑیوں کو ہی جانے کی اجازت ہوگی ۔ کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق سرینگر ۔ جموں شاہراہ پر اتوار کو ٹریفک رواں دواں رہا ۔ جنوبی کشمیر کے نامہ نگار نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کو سرینگر ۔ جموں شاہراہ ہر طرح کے ٹریفک کیلئے کھلی رہی ۔ ٹریفک حکام کا حوالہ دیتے ہوئے نمائندے نے بتایا کہ اتوار کو دونوں اطراف سے شاہراہ پر ہلکی گاڑیاں چلیں جبکہ درماندہ گاڑیوں کو بھی اپنی منزل کی جانب جانے کی اجازت دی گئی ۔ نامہ نگار نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوموار کو موسم خوشگوار رہنے کی صورت میں ہلکی گاڑیوں کو جموں سے سرینگر کی طرف آنے کی اجازت ہوگی جبکہ اسی طرح قاضی گنڈ سے جموں کی طرف بھاری درماندہ گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران شاہراہ مختلف مقامات پر دھنسنے کے ساتھ ساتھ پسیاں بھی گر آئیں جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر رکائوٹیں بھی پیدا ہوگئی ہیں ۔ نامہ نگار کے مطابق رکائوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے کام جاری ہے اور اس ضمن میں مشینری کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کو بھی بروئے کار لایا جارہا ہے ۔ اس دوران ٹریفک حکام نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ سرینگر ۔ جموں شاہراہ پر سفر کرنے والے خواہشمند مسافر سرینگر اور جموں میں قائم کئے گئے کنٹرول رومز کے ساتھ رابطہ کریں ۔