درجہ حرارت میں گراوٹ درج ،سردی کی دستک ،رہن سہن میں تبدیلی
کے این ایس
سرینگر؍؍محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیشگی 3روزہ موسمی ایڈوائزی کے پہلے ہی روز بدھ کو پیر پنچال کے آر پار بارشوں اور ہلکی برفباری کا تازہ سلسلہ شروع ہوا ۔ہمالیاتی پہاڑوں نے 8انچ تک سفید چادر اوڑھ لی جبکہ میدانی علاقے دن بھر وقفے وقفے سے جاری بارشوں سے خوب سیراب ہوئے ۔بارشوں اور برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے جموں وکشمیر اور لداخ کے بعض علاقوں میں جاری رہے گا ۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کے مطابق جموں وکشمیر اور لداخ میں بدھ کو محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین کے مطابق پہاڑی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ۔یہ سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا جبکہ مطلع بھی ابر آلود رہا ۔وادی کشمیر کے درالحکومت سرینگر سمیت شمال وجنوب میں بدھ کو ابر کرم خوب برسا جبکہ بالائی علاقوں نے سفید دوشالہ بھی اوڑھ لیا ۔ستمبر سے نومبر کے آخر تک وادی کشمیر میں موسم خزاںکادورانیہ جاری رہتا ہے جبکہ دسمبر سے یہاں موسم سرما کا دورانیہ شروع ہوجاتا ہے ،جو فروری کے آخری تک جاری رہتا ہے ۔رواں برس بدلتے موسمی مزاج نے کشمیر وادی میں قبل ازوقت ہی موسم سرما کا احساس دلایا ،کیونکہ موسمی صورتحال نے یکا یک کروٹ بدلی۔سرینگر کیساتھ ساتھ وادی کے سبھی 10اضلاع کے میدانی علاقوں میں جہاں دن بھر بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ،وہیں سرحدی علاقوں و پہاڑوں پر موسم کی تازہ ہلکی برفباری بھی ہوئی ۔شمالی سرحدی ضلع سرحدی ضلع کپوارہ کے بالائی و سرحدی علاقوںمژھل ، بنگس ویلی وغیر میں موسم کی تازہ برفباری ہوئی ۔اطلاعات کے مطابق یہاں 5سے6انچ کی برفباری ہوئی ۔اسی طرح شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ کے بالائی علاقوں کرناہ ،سادھنا ٹاپ وغیرہ میں بھی ہلکی برفباری ہوئی ۔بارہمولہ کے اوڑی تحصیل کے بعض سرحدی علاقوں میں برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ادھر مشہور ومعروف سیاحتی مقام گلمرگ میں8انچ برفباری ہوئی جبکہ یہاں کی پہاڑیوں نے سفید چادر اوڑھ لی ،جو منظر کو دلفریب بناتا تھا ۔ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ اور شوپیاں کیساتھ ساتھ کولگام کے بعض بالائی علاقوں میں روان موسم کی تازہ برفباری ہوئی ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق سیاحتی مقام پہلگام میں واقع امرناتھ گپھا،کے روایتی رابہ سڑکوں پر برفباری ہوئی جبکہ چندن واڑی ،شیش ناگ،بیتاب ویلی جیسے علاقوں میں بھی برفباری ہوئی ۔اطلاعات کے مطابق مذکورہ علاقوں میں4سے5انچ برفباری ہوئی اور یہاں سفید پرت زمین پر بچھ گئی ۔ کولگام اور شوپیان کے بعض علاقوں سے بھی موسم کی ہلکی برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔اسی طرح مشرق میں واقع وسطی کشمیر کے ضلع گاندر بل میں واقع سونہ مرگ ،گگن گیر ،تہاج واس ،زوجیلا و،نارا ناگ ،وغیرہ علاقوں میں بھی برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔اطلاعات کے مطابق یہاں3سے4انچ کے درمیان برفباری ہوئی جبکہ وسطی کشمیر کے مغرب میں واقع ضلع بڈگام کے بعض علاقوں جن میں دودھ پتھری وغیرہ شامل ہے ،میں ہلکی برفباری ہوئی ۔معلوم ہوا ہے کہ خطہ لداخ کے لہیہ ضلع کے بعض علاقوں اور یہاں موجود گلیشئروں پر بھی برفباری ہوئی ۔اطلاعات کے مطابق خطہ پیر پنچال کے بعض پہاڑی علاقوں میں بھی موسم کی تازہ ہلکی برفباری ہوئی ۔میدانی علاقوں میں مسلسل بارشوں اور بالائی وپہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری کے سبب درجہ حرارت میں گرائوٹ درج کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کیساتھ ساتھ کم سے کم درجہ حرارت میں 5اور6نومبر کو تبدیلی دیکھنے کو ملی ۔ادھر قبل از وقت موسم سرما کی دستک کیساتھ ہی اہلیان کشمیر نے رہن سہن میں تبدیلی لانا شروع کردی ۔جہاں لوگ سردی سے بچنے کیلئے گرم ملبوسات کا استعمال کررہے ہیں ،وہیں گرمی کے آلات کا بھی استعمال کرنا شروع کردیا گیا ۔سردیوں کے ایام کے دوران اہلیان کشمیر کھانے پینے کی عادات میں بھی تبدیلی لاتے ہیں ۔سردیوں میں خاص سبزیوں کے پکوان ہی تیار کئے جاتے ہیں اور یہاں کی مشہور ومعروف خشک سبزیوں کا استعمال کثرت کیساتھ ہوتا ہے ۔اگرچہ معالجین نے خشک سبزیوں کے استعما ل کو مضر صحت قرار دیا ،تاہم کشمیرمیں ان سبزیوں کا استعمال عصر حاضر میں بھی زوق وشوق کیسا تھ کیا جاتا ہے ۔سردیوں کے ایام کے دوران دالوں اور خشک سبزیوں کیساتھ مچھلیوں کی قیمتیں ساتویں آسمان کو چھو جاتی ہیں۔قدیم زمانے میں خشک سبزیوں کو گھروں میں ہی تیار کیا جاتا تھا ،تاہم اب یہ روایت ختم ہوچکی ہے اور خشک سبزیوں کی خریداری بازاروں سے کرتے ہیں ۔شہر خاص کے قدیم بازار مہاراج بازار ،گاڈھ کوچہ ،زینہ کدل ،عالی کدل ،نواب بازار وغیر ہ علاقوں میں خشک سبزیوں کے خاص بازار سجتے ہیں ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے گذشتہ دنوں ہی ایک موسمی ایڈوائزی جاری کی ہے ،جسکے مطابق جموں وکشمیر اور لداخ میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ8نومبر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا قوی امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے ناظم سونم لوٹس کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائوں کا جموں وکشمیر کے حدود میں داخل ہونے کیساتھ ہی یہاں کی موسمی صورتحال میںتبدیل دیکھنے کو ملتی ہے ۔