افسروں کے ساتھ اِستفسار کیا اور پی ایچ کیو کا دورہ کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍دربارمؤ کے سلسلے میں آج جموں دفاتر دوبارہ کھل گئے ۔ یہ دفاتر پچھلے مہینے کی 25 تاریخ کو سر ی نگر میں بند ہوئے تھے ۔ سول سیکرٹریٹ، پولیس ہیڈ کوارٹر اور دیگر دفاتر نے بھی 9 دنوں کے وقفے کے بعد آج جموں میں اپنا کام کاج شروع کیا۔لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے جہاں چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ ،انتظامی سیکرٹریوں اور کافی تعداد میں افسروں اور سول سیکرٹریٹ کے ملازمین نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعہ پر جموںوکشمیر پولیس کے دستے کی طرف سے پیش کئے گئے گارڈ آف آنر کا بھی معائینہ کیا۔بعد میں لیفٹیننٹ گورنر نے انتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور اہم اور لازمی انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایک او رمیٹنگ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے سول سیکرٹریٹ کے تمام افسروں کے ساتھ کام کے معیار میں بہتر ی اور تیزی لانے کے تعلق سے ان کی تجاویز طلب کیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام سطحوں پر متحرک اور بہتر حکمرانی کی ضمن میں بے لوث طریقے پر کام کرنے کی حکومت کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران عوامی بہبو د کو ملحوظ نظر رکھیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا جہاں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ڈی جی پی دلباغ سنگھ اور کئی دیگر اعلیٰ افسروں نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں جموںوکشمیر پولیس کے سامنے کئی چیلنجوں اور امن و قانون کی مجموعی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔جی سی مرمو نے امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے میں جموںوکشمیر پولیس کے رول کی تعریف کی۔انہوں نے پنچایتی اور شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات پرامن طریقے پر منعقد کرنے کے لئے فورس کی ستائش کی۔انہوں نے پولیس افسروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں اور امن دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔انہوں نے پولیس ، فوج ،نیم فوجی دستوں اور سول انتظامیہ کے درمیان بہتر تال میل کی تعریف کرتے ہوئے اُن پر زو ردیا کہ وہ جموںوکشمیر میں امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔