اگونی کھن امیر اکدل میں سماعت شکن گرینیڈ دھماکہ

0
0

غیر مقامی کھلونا فروش ہلاک ، متعدد خواتین سمیت 37 افراد زخمی
علاقے کا محاصرہ ، حملہ آئوروں کی تلا ش شروع ، سیکورٹی مزید سخت ، افسران نے لیا جائزہ
کے این ایس

سرینگر؍؍شہر سرینگر کے مصروف ترین بازار گونی کھن امیراکدل میں خوفناک گرینیڈ دھماکے میں سوموار کو ایک غیر مقامی کھلونا فروش ہلاک جبکہ متعدد خواتین سمیت37افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کیلئے صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ،جہاں 2زخمیوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔دھماکے کے فوراً بعد پولیس وفورسز اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کرکے حملہ آئوروں کی تلاش شروع کردی جبکہ دھماکے کے بعد پورے شہر میں سیکیورٹی کو مزید چوکس کردیا گیا ۔اس دوران پولیس وفورسز کے اعلیٰ افسران نے جائے موقعہ پر جاکر سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیا ۔ایس ایس پی سرینگرحسیب مغل نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور15افراد زخمی ہوئے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہے ۔یاد رہے کہ 12اکتوبرکو ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں ایک گرینیڈ دھماکہ ہوا تھا ،جس میں8عام شہری زخمی ہوئے تھے ۔امیراکدل ،گونی کھن بازار ،مہاراجہ بازار ،ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ ،صراف اسٹریٹ اور اس کے ملحقہ بازاروں میں سوموار کو اُس وقت افرا تفری اور خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ،جب نامعلوم افراد نے گونی کھن امیراکدل کے نزدیک ایک ہتھ گولہ پھینکا ،جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ذرائع کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے سے اڑھائی بجے کے درمیان یہ دھماکہ اُس وقت ہوا جب یہاں کافی بھیڑ تھی ۔ صبح کے وقت تجارتی مرکز میں کاروباری سرگرمیاں چند گھنٹوں تک جاری رہتی ہیں ،جسکی وجہ سے یہاں کے بازاروں میں غیر معمولی چہل پہل دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سوموار کو بھی لالچوک کے سبھی بازاروں میں غیر معمولی چہل پہل تھی اور بھیڑ کے بیچ میں نامعلوم افراد نے ایک ہتھ گولہ پھینکا ۔ذرائع نے بتایا کہ دھماکہ امیراکدل کے قریب واقع گونی کھن بازار کے مرکزی داخلہ پوائنٹ کے قریب ہوا۔ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ اور امیراکدل کے آر پار چھاپڑی فروش اپنی دکانیں سجاتے ہیں ،جسکی وجہ سے بھی یہاں کفی بھیڑ بھاڑ دیکھنے کو ملتی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ امیراکدل ،گونی کھن بازار ،مہاراجہ بازار ،ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ ،صراف اسٹریٹ اور اس کے ملحقہ بازاروں میںلوگ خرید وفروخت میں مصروف عمل تھے ،جس دوران یہاں خوفناک اور سماعت شکن دھماکہ ہوا ۔دھماکہ کیساتھ ہی یہاں افراتفری اور خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی جبکہ لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے ۔دھماکے کے نتیجے میں موقعے پر ہی ایک شہری ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں کئی خواتین بھی شامل ہیں ۔ایس ایس پی سرینگر حسیب مغل نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرینیڈ دھماکہ تھا جسکی آہنی ریزوں کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک اور 15دیگر افراد زخمی ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے کا محاصرہ کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔تاہم صدر اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ(ایم ایس)ڈاکٹر نذید چودھری نے کے این ایس کیساتھ بتا کرتے ہوئے بتایا کہ 38زخمیوں کو یہاں لایا گیا ،جن میں سے ایک ہلاک ہوا جبکہ2زخمیوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ادھر دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور فورسز کے اعلیٰ افسران دھماکہ کے مقام پر پہنچ کر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔اس دوران پولیس کی خصوصی ٹیم بھی یہاں پہنچی ،جس نے گرینیڈ کے مقام سے آہنی ریزوں کو نمونے جمع کئے اور اس دھماکے میں استعمال ہونے والے گرینیڈ کے حوالے سے مزید تحقیقات شروع کردی ۔اس دوران پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے امیراکدل اور اسکے گرد ونواح علاقے کو اپنے نرغے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی ۔دھماکے کے فوراً بعد شہر میں سیکیورٹی مزید چوکس کردیا گیا ۔یاد رہے کہ 12اکتوبر ہری سنگھ ہائی اسٹر یٹ میں ایک گرینیڈ دھماکہ ہوا تھا ،جس میں متعدد عام شہری زخمی ہوئے تھے ۔27اکتوبر کو کاک سرائے کرن سنگر سرینگر میں گرینیڈ دھماکہ اور فائرنگ ہوئی تھی،جس میں 6فورسز اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ28اکتوبر کو شمالی قصبہ سوپور میں ایک گرینیڈ دھماکہ ہوا تھا ،جس میں 20افراد زخمی ہوئے تھے جن میں6کو سرینگر منتقل کیا گیا تھا ۔پولیس نے گرینیڈ دھماکوں سے متعلق علیحدہ علیحدہ مقدمات بھی درج کئے ہیں ۔جموں وکشمیر کی تنسیخ کے بعد وادی میں غیر یقینی صورتحال پائی جارہی ہے ۔پوری وادی میں کاروباری سرگرمیاں چند گھنٹوں تک محدود ہو کر رہ گئیں جبکہ صبح کے وقت بازاروں میں بھی غیر معمولی چہل پہل دیکھنے کو مل رہی ہے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا