بہتر حکمرانی اور فعال اِنتظامیہ مؤثر عوامی خدمات کی دستیابی کیلئے لازمی۔ لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو

0
0

بارہمولہ ضلع کے ترقیاتی منظرنامے اور سرما کی تیاریوں کا جائزہ لیا
بیک ٹو ولیج کاموں کو مکمل کرنے کیلئے پانچ کروڑ روپے اور شیروانی ہال کو بڑھاوا دینے کیلئے 50لاکھ روپے کا اعلان
لازوال ڈیسک
بارہمولہ؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو نے کہا کہ بہتر حکمرانی اور فعال اِنتظامیہ لوگوں تک بہتر عوامی خدمات دستیاب کرانے کے لئے اِنتہائی لازمی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک مؤثر لائحہ عمل عوام دوست اِنتظامیہ کا ایک خاصا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں ایک میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران کیا جس میں ضلع بارہمولہ کے مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔جموںوکشمیر یوٹی کا لیفٹیننٹ گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا ضلع بارہمولہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے ۔اِس میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی و ی آر سبھرامنیم ، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی ،ڈی سی بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو ، ڈی آئی جی نارتھ کشمیر ، پولیس ضلع بارہمولہ ، سوپور کے علاوہ ایس ایس پیز کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایسپریشنل ضلع پروگرام کے تحت متعدد اہداف حاصل کرنے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کے رول کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کو ترقی کی بلند یوں تک پہنچانے کے لئے ہرممکن مدد اور تعاون دیا جائے گا۔اُنہوں نے افسروں پر زو ردیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کریں تاکہ ضلع کو ملک کے بہترین ایسپریشنل ضلعوں میں اعلیٰ مقام حاصل ہوسکے۔اِس موقعہ پر جی سی مرمو نے بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت ہاتھ میں لئے گئے کاموں کو مکمل کرنے کے لئے اضافی پانچ کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ شیروانی ہال میں آڈیٹورم کو بڑھاواد دینے کے لئے 50لاکھ روپے دئیے جائیں گے ۔اُنہوں نے ایس ایس پی آف سوپور کے لئے نئی عمار ت کا بھی اعلان کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے بارہمولہ میں ایک فیزیکل ایجوکیشن ٹریننگ کالج کے قیام کا بھی اعلان کیا تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا بھرپور موقعہ دستیاب ہوسکے۔میٹنگ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے موسم سرما کے لئے کی جارہی تیاریوں کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ تیاریوں کا ایک مناسب لائحہ عمل تیار کریں تاکہ عام لوگوں کو سرما کے دوران کسی قسم کی دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے افسروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ جڑے رہیں تاکہ ان کے مسائل کا نمٹارہ ہوسکے۔اُنہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے بالخصوص بجلی سیکٹر کے ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ بلاخلل بجلی کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔اِس موقعہ پر بارہمولہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر نے لیفٹیننٹ گورنر کو ضلع میں مختلف سیکٹروں کی حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی۔لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا کہ ضلع بارہمولہ میں وادی میں سیبوں کی کل پیداوار کا 75فیصد اُگایا جاتا ہے ۔انہیں بتایا گیا کہ حال ہی میں شروع کی گئی مارکیٹ اِنٹرونشن سکیم کے تحت 750باغ مالکان کو رجسٹر کیا گیا ہے ۔میٹنگ میں سیاحت ، طبی نگہداشت ، تعلیم ، پی ڈی ڈی ، پی ایچ ای اور دیگر اہم سیکٹروں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی گئی۔ڈی سی بارہمولہ نے لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے کئی معاملات اور مطالبات رکھے جن میں ضلع میں ایک اور ٹراما سینٹر قائم کرنااور سرحدی علاقوں میں اضافی بنکروں کی تعمیر کا معاملہ بھی شامل ہے۔اس تناظر میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اُجاگر کئے گئے تمام مطالبات کو پورا کرنے کے لئے غور کیا جائے گا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا