ساتوک سائی راج -چراغ فرانسیسی اوپن کے فائنل میں
یواین آئی
پیرس؍؍ ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندستانی جوڑی نے اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے ہفتہ کو فرانسیسی اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مردوں کے ڈبلز کے خطابی مقابلے میں جگہ بنا لی اور ترنگا بلند رکھا۔ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے سیمی فائنل میں پانچویں سیڈ جاپان کے ھرویوکي اینڈو اور یتا وتانبے کی جوڑی کو مسلسل گیمو ں میں 21-11 25-23 سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا ۔ دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں کا چیلنج کوارٹر فائنل تک نمٹ جانے کے بعد ہندستان کی تمام امیدیں ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی پر ٹک گئی تھیں اور اس جوڑی نے ہندوستانی شائقین کو مایوس نہیں کیا۔ ہندستانی جوڑی نے پانچویں سیڈ جاپان کے ھرویوکي اینڈو اور یتا وتانبے کی جوڑی کو 50 منٹ میں شکست دی۔ ہندستانی جوڑی نے اپنے تیسرے میچ پوائنٹس پر مقابلہ ختم کیا۔ ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کا خطاب کے لئے نمبر ایک انڈونیشیا کے جوڑی مارکس گڈون اور کیون اسکاملجو سے مقابلہ ہوگا اور ٹائٹل جیتنے کے لئے ہندستانی جوڑی کو تاریخ رقم کرنی ہو گی ۔ ہندستانی جوڑی نے انڈونیشیا کے جوڑی سے اپنے گزشتہ تمام چھ مقابلے گنوائے ہیں۔عالمی درجہ بندی میں 11 ویں نمبر کی ہندستانی جوڑی ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کے چھٹے درجہ بندی کی جاپانی جوڑی کے خلاف کیریئر کی تین مقابلوں میں یہ پہلی جیت ہے ۔ سال 2017 کی عالمی چمپئن شپ اور 2018 کے انڈونیشیا اوپن میں جاپانی کھلاڑیوں نے ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کو شکست دی تھی۔ اس سے پہلے ہندستانی جوڑی نے کوارٹر فائنل میں ڈنمارک کی جوڑی کم ایسٹرپ اور اینڈرس راسمسن کو 39 منٹ میں 21-13 22-20 سے شکست دی تھی۔ ہندستانی جوڑی کی ڈنمارک کی جوڑی کے خلاف تین مقابلوں میں یہ پہلی فتح تھی۔ ہندستانی جوڑی نے دوسرے راؤنڈ میں سب سے بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے دوسری سیڈ جوڑی انڈونیشیا کے محمد احسان اور ھینڈرا سیٹیاوان کو شکست دی تھی۔