پونچھ کے جواں سال ماہر تعلیم ہارون راٹھور کی خدمات کا اعتراف

0
0

’ملا اسٹیٹ کا بیسٹ ٹیچر ایوارڈ ‘

لازوال ڈیسک

جموں؍؍گزرے دنوں جموں میں منعقد ایک عالی شان تقریب میں ریاستی سرکار نے محکمہ تعلیم سے متعلق قریب درجن بھراساتذہ اورلیکچرروں کو محکمہ تعلیم کے مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں کارکردگی کے لئے ریاستی تعلیمی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔ٹیچر بھون گاندھی نگر جموں میں منعقد اس تقریب میں عزت مآب ریاستی گورنرکے مشیربرائے محکمہ تعلیم و ثقافت جناب فاروق خان نے کمشنر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن محترمہ سریتا چوہان اورڈائریکٹراسکول ایجوکیشن محترمہ انورادھا گپتا و ریاست کے نمائندہ تعلیم و تدریس و ثقافت سے متعلق شعبوں سے تعلق رکھنے والے بیشمار نامورشخصیات کی موجودگی میں یہ ایوارڈ ذ ان اساتذہ کی خدمت میں تقسیم کئے۔ان انتہائی چنندہ اعزاز یافتہ اساتذہ میں، ریاستی محکمہ تعلیم میں لیکچرر اردو کے عہدے پر تعینات پونچھ سٹی سے تعلق رکھنے والے جواں سال لیکچرار ہارون رشید راٹھور بھی شامل ہیں۔ہارون راٹھورکا تعلق پونچھ کی اس مردم خیز سرزمین سے ہے جس نے تعلیم ادب اور ثقافت کے حوالے سے ایک سے ایک بڑا گوہر نایاب دنیا کو دیا ہے، کرشن چندر، گلزاری لال نندہ، مولانہ چراغ حسن حسرت، سشما چودھری،ٹھاکر پونچھی اور دیا نند کپور جیسے گوہر نایاب پیدہ کرنے والی اس سرزمین کی سیرابی کی تاریخ میں بیشمار ایسا اساتذہ کا بھی ذکر شامل ہے جنہوں نے اپنی کارکردگی سے ریاست کے تعلیمی منظرنامے پرانمٹ نقوش ثبت کئے ہیں۔اسی کڑی میں اگلے پڑاؤ پر آج کل ہارون راٹھور، انور خان اور ہریش شرما جیسے جواں سال اساتذہ کا خوب چرچہ ہو رہا ہے۔ہارون راٹھوراس وقت ریاست و بیرون ریاست محکمہ تعلیم کے اساتذہ کی ٹریننگ اورتربیت کے حوالے سے خدمات دینے والے ان چند نامور ناموں میں شمار ہیں جنہوں نے ریاست کے اسکولی نصاب میں جدید ترتکنیکی و سائنسی اسطور پرنمایاں اور کارگر تبدیلیاں لانے میں ایک کلیدی رول ادا کیا ہے۔اس سلسلے میں ریاست ہی نہیں بلکہ بیرون ریاست بھی درس و تدریس کے میدان میں ہونے والے نیے تجربات کے حوالے سے ہارون راٹھور کی اہلیت ہنرمندی اور فکر کو قدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔تعلیم کے شعبہ میں جدید میتھاڈالوجی اورپیڈا گوجی کے ایک ماہرایکسپرٹ اور ٹرینر کی حیثیت سے، ہارون راٹھورریاست و ملک کے مختلف شہروں میں اساتذہ کی درس و تدریس کی گوناگوں ٹریننگ کورسوں، ورکشاپوں اور پروگراموں میں 2013سے اب تک ریاستی و قومی پیمانے پر ہزاروں اساتذہ کو تیار کر چکے ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے۔ہارون راٹھور نے اس سلسلے میں اپنی ریاست میں سرینگر لداخ جموں سانبھہ کٹھوا پونچھ و راجوری میں جہاں الیمنٹری سے لے کر ہائر اسکنڈری لیول تک کے سینکڑوں اساتذہ کو تیار کرنے میں کلیدی رول ادا کیا ہے، وہیں ریجنل انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اجمیر راجستھان، این سی ای آر ٹی دہلی اور نیپا دہلی جیسے قومی تدریسی تربیتی اداروں میں تربیت حاصل کرنے کے لئے تمام ملک سے پہنچے اساتذہ کو بھی لگاتار اپنی خدمات سے نوازا ہے۔اسکول لیڈرشپ، اسکول ٹرانسفرمیشن،سرو شکشا ابھیان،ایس ای ایف جسی مشہور قومی ایجوکیشنل اسکیموں کے تحت ہارون راٹھوراساتذہ کی ایک لا تعداد کھیپ کو اب تک محکمہ تعلیم کا بیش قیمت اثاثہ بنا چکے ہیں۔ہندوستان کے مشہوررضاکار انڈسٹریلیسٹ اور تعلیمی سیکٹرمیں اپنی خدمات دینے والے عالمی شہرت یافتہ کاروباری اجے پیرامل کی عالمی تنظیم” کولیہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن’ نے انہی خوبیوں کے اعتراف میں ہارون راٹھور کو تنظیم کے جموں کشمیر چیپٹر کا ایک کلیدی حصّہ بناتے ہوئے پونچھ ڈسٹرکٹ کی ذمہ داری دیتے ہوئے انھیں اپنی تنظیم کا ڈسٹرکٹ آرڈی نیٹر بنایا .. اساتذہ میں قائدانہ صلاحیتوں کے تشخیص اور ان کی آبیاری کرنے و اسکولوں کی کارکردگی کی نگرانی کرنے کے لئے، ڈسٹرکٹ پونچھ کے درجنوں ریسورس گروپس کے تحت اساتذہ کی ایک قابل ٹیم ہر مہینے ہارون راٹھور کی قیادت میں ریاست و مرکز کے تعلیمی محکموں کو تجاویزوسفارشات پیش کرتی ہے۔ہارون راٹھور یونی سیف، سیودا چلڈرن، ورلڈ ہیلتھ ارگنائزیشن جیسے عالمی فلاحی انسانی اداروں کی اسکیموں کو محکمہ تعلیم میں عملانے کے لئے جی توڑ محنت کر رہے ہیں..بحیثیت ڈسٹرکٹ نوڈل افسر پونچھ ،چائلڈ پروٹیکشن اور اسکول سیفٹی جیسے نازک ایشوز کی نگہداری کا کام بھی ہارون راٹھور کے ذمہ ہے.. ان ذمہ داریوں کے تحت اس وقت ہارون اپنے محکمے میں درجنوں گائیڈنگ اورکونسلنگ سینٹروں کا کام دیکھ رہے ہیں.. مرکز کی مشہور اسکیموں، سوچھ بھارت ابھیان، جل شکتی ابھیان،گرین انڈیا، نشٹھا، سنگل یوز پلاسٹک، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ جیسے درجنوں ڈریم پروجیکٹس کے مشن کے تحت محکمہ تعلیم میں ہارون راٹھور کی خدمات کا بھرپور اعتراف کیا جا رہا ہے۔اردو زبان کے ایک بہترین ادیب، استاد اور ترجمہ نگار ہونے کی حیثیت سے بھی ریاستی حکومت نے اپنے سالانہ بجٹ اور اسمبلی کی کاروایوں کی دستاویزات کو قلمبند و ترجمہ کرنے کے لئے بارہا ہارون راٹھور کی خدمات لی ہیں۔ہارون راٹھور کی انہی بیشمار صلاحیتوں کے اعتراف میں حکومت نے انھیں بیسٹ ٹیچر اورریاست کے بہترین ماسٹر ٹرینرکے اس اہم ایوارڈ سے نواز کران شعبوں میں کام کرنے والے سینکڑوں جوانوں کا حوصلہ بڑھایا ہے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا