بھائی چارہ خراب نہیں ہونے دیں گے:بابوسنگھ
سابق رکن اسمبلی بابوسنگھ نے اس موقع پرانتہائی جذباتی اندازمیں کئی سنسنی خیزانکشافات کرتے ہوئے کہاکہ2008میں کٹھوعہ میں مسلمان گھروں کوجلانے کی سازش رچی گئی تھی لیکن ہم نے 10ہزار افراد جمع کرکے وہاںامن مارچ نکالااور فرقہ پرستوں کوللکارتے ہوئے کہاکہ یہاںمسلمانوں کیساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو شرپسندوں کوکھدیڑدیاجائیگا۔رسانہ واقعے میں بابوسنگھ نے پرنم آنکھوں سے کہاکہ وہ اس بچی کواپنی بچی سمجھتے ہیں ، اورانہیں وہی درد ہے جواپنی بچی کیساتھ ایسی درندگی سے ایک والد کوہوتاہے۔اُنہوں نے کہاکہ حقائق کوچھپانے اورمجرموں کوبچانے کی نئی نئی سازشیں رچی جارہی ہیں جنہیں کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیاجائیگا۔انہوں نے کئی تجاویزپیش کیں اورکہاکہ صرف ایک سیمینار سے یہ معاملہ رکنے والانہیں بلکہ ہمیں نظام میں تبدیلی لانی ہوگی۔اُنہوں نے رسانہ کے اکثریتی طبقہ کو کوستے ہوئے کہاکہ دیوستھان پرمسلمانوں کوپانی بھرنے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔اُنہوں نے کہاکہ مجرموں کوکیفرکردارتک پہنچانے کیلئے فاسٹ ٹریک عدالت کاقیام ناگزیر ہے۔