عوامی اعتماد بحال کرنے کےلئے مسائل کو ایڈرس کرنا ضروری
لازوال ڈیسک
سرینگرکانگریس پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہا ہے کہ مرکزی سرکار ریاستی عوام کے مشکلات سے انتہائی حد تک غیر سنجیدہ ہے۔ انہوں نے نئی دہلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل کو ایڈرس کرکے جموں وکشمیر کے عوام کے اعتماد کو نئے سرے سے بحال کرنے میں اپنا رول ادا کرے۔کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میرکا کہنا ہے کہ مرکزی سرکار ریاستی عوام کے مسائل اور مشکلات سے انتہائی حد تک غیر سنجیدہ ہوچکی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاستی عوام جن مصائب و آلام کی آج شکار ہے وہ صرف مرکزی سرکار اور سابق مخلوط حکومت پی ڈی پی، بی جے پی کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق مخلوط حکومت نے عوامی خواہشات کا سرے عام سودا کرتے ہوئے ریاستی عوام کو مشکلات کی اتھاہ گہرائیوں میں ڈبودیا۔ غلام احمد میر نے مرکزی سرکار پر برستے ہوئے کہا کہ وہ ریاستی عوام کے مسائل و مشکلات سے انتہائی حد تک غیر سنجیدہ ہوچکی ہے۔جنوبی کشمیرکے شاہ آباد ویریناگ علاقے میں عوامی میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد میر نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاندار مستقبل کےلئے کانگریس پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کےلئے اپنا رول ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کی غلط اور ناقص پالیسیوںکے نتیجے میں جموں وکشمیر بری طرح سے متاثر ہوا ہے اور مرکزی سرکار ریاستی عوام کی فلاح و بہبود کے جو بلند بانگ دعوے کررہی ہے وہ زبانی جمع خرچ کے سوا اور کچھ بھی نہیں ہے۔کانگریس صدر کا کہنا تھا کہ ریاستی عوام اس بات کو بخوبی محسوس کررہی ہے کہ مرکزی سرکار جموں وکشمیر کا نظم و نسق راج بھون سے چلانے میں ہی خوشی محسوس کررہی ہے اور اس دوران عوامی حکومت کی عدم موجودگی کے نتیجے میں مرکزی سرکار نے کئی اہم فیصلے لیے جس کے نتیجے میں ریاستی عوام کے اندر اضطرابی کیفیت نے مزید جنم لینا شروع کردیا۔ انہوں نے مرکزی سرکار پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے دلوں میں پائے جارہے خدشات کو دور کرنے کی خاطر شکوک و شبہات کو فوری طور پر دور کریں۔ ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی ریاست میں تعمیر و ترقی سے جڑے مسائل کو ایڈرس کرنے کے دعوے کررہے ہیں لیکن دوسری جانب ریاست اور یہاں کے عوام کےساتھ آہنی ہاتھوں سے نپٹا جارہا ہے۔ لوگوں کو عوامی حکومت کا انتخاب کرنے کے حق سے بھی یکسر محروم رکھا جارہا ہے جس کے نتیجے میں عوام کے اندر بڑے پیمانے پر نفرت اُبھر چکی ہے۔انہوں نے مرکزی سرکار پر زور دیا کہ وہ ریاستی عوام کااعتماد بحال کرنے کےلئے اسمبلی الیکشن کو فوری طور پر منعقد کرے تاکہ لوگوں کو اپنے مسائل کے تصفیہ کی خاطر لاحاصل کوششیں نہ کرنی پڑیں۔غلام احمد میر کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی عوامی مسائل کے تصفیہ کےلئے مرکزی سرکار اور گورنر انتظامیہ کو جوابدہ بنانے کےلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے گی۔ کاپرن ڈورو اور دیگر دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کو درپیش مشکلات کی مثال پیش کرتے ہوئے کانگریس صدر کا کہنا تھا کہ شاہ آباد بالا کے پنچایت حلقوںسے تعلق رکھنے والے عوام سے مجبوراً 350اور 535روپے بجلی فیس کے طور پر وصول کئے جارہے ہیں جو کہ مقامی آباد ی کےلئے تکلیف دہ معاملہ ہے کیوں کہ یہاں رہائش پذیر آبادی کو آمدنی کے حوالے سے بہت سارے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔غلام احمد میر نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کاپرن ڈورو سے اننت ناگ تک ایس آر ٹی سی گاڑیوں کی سروس کو یقینی بنائیں تاکہ عام لوگوں کےساتھ ساتھ غریب لوگوں کو چلنے پھرنے میں آسانی پید اہو۔انہوں نے پی سی سی صدر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کےلئے کاپرن سے ویریناگ کا راستہ ہموار کیا جائے تاکہ لوگوں کو راحت کی سانس نصیب ہوسکے۔