جموں میں بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی
یواین آئی
جموں جموں کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں ہفتہ کے روز درمیانی درجے کی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہونے کے باعث لوگوں نے راحت کی سانس لی۔بتادیں کہ جموں میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران گرمی کی شدت نے لوگوں کو بے حال کر رکھا تھا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جاتا تھا۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے جموں کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ درمیانی درجے کی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ہفتہ کی صبح مطلع ابر آلود ہونے اور درمیانی درجے کی بارشوں سے اہلیان جموں کو گرمی تمازت سے راحت نصیب ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا اگر چہ سٹی میں رات کا درجہ حرارت 24.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.1 ڈگری زیادہ ہے تاہم دن کی گرمی میں کمی واقع ہونے کی توقع ہے۔قابل ذکر ہے کہ ماہ روان کی 9 تاریخ کو جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.1 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا تھا جو معمول سے کم سے کم 4 ڈگری زیادہ تھا۔