کہاجموں کشمیر کی تمام ہندو تنظیموں کا امرناتھ شرائن بورڈ کمیٹی میں ایک ایک ممبر ہونا چاہئے
یواین آئی
جموں شیو سینا بالا صاحب ٹھاکرے کے جموں کشمیر یونٹ نے جمعہ کے روز یہاں شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جموں کشمیر کی تمام ہندو تنظیموں کا امرناتھ شرائن بورڈ کمیٹی میں ایک ایک ممبر ہونا چاہئے۔یونٹ کے ایک لیڈر نے میڈیا کو بتایا کہ شرائن بورڈ سال 2016 سے لگاتار تغلقی فرمان جاری کررہا ہے جو شیوسینا کو قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی طور پر لوگوں سے پیسہ وصول کرنے کے بعد جو مفت لنگر لگانے والوں سے بیس ہزار روپیہ نقدی مانگے جارہے ہیں اور ان پر پچیس مزید شرطیں لگائی گئی ہیں۔شیو سینا لیڈر نے کہا کہ شرائن بورڈ کو چاہئے کہ وہ اپنے بلبوتے پر جگہ جگہ لنگر لگائے اور بیس کیمپ کے اندر کسی کو بھی لنگر لگانے کی اجازت نہیں ہونے چاہئے اور لنگر سہولیات کو باہر رکھا جانا چاہئے۔انہوں نے شرائن بورڈ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے شرائن بورڈ کو چاہئے کہ وہ جموں کشمیر کی تمام ہندو تنظیموں کے ساتھ صلح مشور کرے اور ہر تنظیم کے ایک ایک رکن کو شرائن بورڈ کمیٹی میں شامل کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبوں کو 30 تاریخ تک پورا نہیں کیا گیا تو ہم ملک بھر میں سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے۔