جامع مسجد منڈی و اعلیٰ پیر سے کڑی الفاظ میں مذمت ، ڈی سی کو میمو پیش کیا
وسیم حیدری
منڈی//گزشتہ دنوں سرینگر کے ضلع کولگام میں سی آر پی ایف اہلکاروں کی جانب سے مولانا عبدالحمید نعیمی کے ساتھ زد و کوب اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر تحصیل منڈی کی جامع مسجد منڈی و اعلیٰ پیر سے کڑی الفاظ میں مزمت کی گئی اور ریاستی انتظامیہ سے جلد اس معاملہ کی کاروائی کر اس معاملہ میں ملوث تمام سی آر پی اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کی مانگ کی – اس سلسلہ میں نمازِ جمعہ سے قبل امام جامع مسجد منڈی مولانہ سیّد شاہد حسین بخاری کی قیادت میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا گیا تاکہ وہ ریاستی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اور ایس ایس پی کو اس معاملہ کی کاروائی کے حوالے سے لکھیں – اس سانحہ کی مزمت کرتے ہوئے امام جامع مسجد اعلیٰ پیر منڈی سیّد شاہد حسین بخاری نے جمعہ کے خطبہ میں کہا کہ مولانا عبدالحمید نعیمی پر فورسز کی جانب سے تشدد قابلِ برداشت نہیں ہے اور ہم اس سلسلہ میں ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جلد کاروائی کر اس معاملہ میں ملوث تمام سی آر پی ایف اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے وگرنہ خطہ پیر پنچال سے جو رد عمل سامنے آئے گا اس کی ذمہ دار ریاستی انتظامیہ ہو گی – ان کا کہنا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر میں فورسز کو اس قدر چھوٹ دی گئی ہے کہ وہ راہ چلتے مسافر کو اس طرح بغیر کسی خطا کے تشدد کا نشانہ بناتے ہیں – ان کا کہنا تھا کہ مولانا موصوف شریف النفس انسان ہیں اور مزہبی رہنما بھی ہیں جن کے ساتھ اس طرح کا برتاو¿ کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا – انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے جلد اس سلسلہ میں کاروائی کر ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کی اپیل کی ہے – مرکزی جامع مسجد منڈی میں بھی سیول سوسائٹی کے چیئرمین غلام عباس نے اس سانحہ کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلد اس معاملہ میں ملوث سی آر پی ایف اہلکاروں کو قانون کے مطابق سزا دے کیونکہ اس طرح بے قصور افراد کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر یہاں کی عوام کبھی خاموش نہیں بیٹھے گی – انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہفتہ تک اس حوالے سے کاروائی سر انجام نہیں دی گئی تو یہاں کے ردِ عمل کی ذمہ دار انتظامیہ ہو گی – اس کے علاوہ جامع مسجد منڈی میں دیگر مقررین نے بھی اس سانحہ کے حوالے سے کڑی الفاظ میں مزمت کی ۔