یواین آئی
وارانسی ؍وزیراعظم نریندرمودی کے پاس کل دو کروڑ 51لاکھ 36ہزار 129روپے کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ہے لیکن ان کے پاس نہ توکوئی تجارتی عمارت ہے اور نہ کوئی قابل زراعت زمین۔اور ان کے پاس کوئی ذاتی گاڑی بھی نہیں ہے۔گاندھی نگر میں وزیراعظم کا ایک کروڑ 10لاکھ روپے کی مالیت رہائشی مکان ہے۔مسٹرمودی نے آج یہاں وارانسی لوک سبھا سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا جس میں انہوں نے اپنی جائیداد اور دیگر اطلاع دی ہے۔ان کے پاس اس سال 31مارچ تک 38ہزار 750روپے نقد تھے اور گاندھی نگر کے ایک بینک میں 4141 روپے جمع تھے۔وزیراعظم کے اسی بینک میں فکسڈ ڈیپوزٹ(ایف ڈی)کے تحت ایک کروڑ 27لاکھ 81ہزار 466روپے جمع ہیں جبکہ لائف انشورنس کے تحت ایک لاکھ 90ہزار 347روپے کی پالیسی ہے۔مسٹرمودی کے پاس سونے کی چار انگوٹھیاں ہیں جن کا وزن 45گرام ہے اور ان کی قیمت ایک لاکھ 13ہزار سے زیادہ ہے۔سال 19-2018 میں وزیراعظم کا ٹی ڈی ایس 85145روپے کٹا ہے۔وزیراعظم کے دفتر سے ان کی تنخواہ ایک لاکھ چالیس ہزار 895روپے دکھائی گئی ہے۔مسٹر مودی کا گاندھی نگر کے سیکٹر ایک میں پلاٹ نمبر 401اے میں رہائشی مکان ہے جو اس پلاٹ کے ایک چوتھائی حصے میں بنا ہے۔مسٹر مودی کے پاس کوئی آبائی جائیداد بھی نہیں ہے اور نہ ہی ان پر کسی بینک کا کوئی قرض ہے۔مودی نے اپنے حلف نامے میں گجرات یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگری ہونے کی تفصیل دی ہے جبکہ یشودابین کو اپنی اہلیہ بتایاہے ۔