شاہ ہلال
اننت ناگ؍؍جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کئی حصوں بشمول قصبہ بجبہاڑہ میں جمعہ کے روز بھی لگاتار دوسرے دن مکمل ہڑتال کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔بتادیں کہ گذشتہ روز بجبہاڑہ میں سکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان شبانہ تصادم آرائی کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ دو مقامی جنگجو ہلاک ہوئے تھے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق اننت ناگ اور بجبہاڑہ قصبہ جات کے زر پورہ اور لازی پورہ کے علاوہ دیگر ملحقہ علاقوں میں جمعہ کے روز بھی لگاتار دوسرے دن تمام دکان بند اور تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں اور سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل نہ ہونے کے برابر دیکھی گئی۔حکام نے ضلع کے حساس علاقوں میں ممکنہ احتجاجوں کی روک تھام کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا ہے۔ضلع کے بیشتر حصوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات بدستور منقطع رکھی گئی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز بجبہاڑہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان شبانہ تصادم آرائی کے دوران صفدر امین بٹ ساکن بجبہاڑہ اور برہان احمد گنائی ساکن مالی پورہ کولگام حال اننت ناگ نامی حزب المجاہدین سے وابستہ دو جنگجو ہلاک ہوئے تھے جن کے تجہیز وتکفین میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی