لازوال ڈیسک
سرینگرانتظامیہ نے مختلف اشیاءسے لدی 35ٹرکوں کو واپس بھیج دیاجبکہ کسی بھی ٹرک کو پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق چکانداباغ پونچھ میں ٹریڈ ٹرول اتھارٹی نے کسی بھی ٹرک کو اُس پار جانے کی اجازت نہیں دی۔ معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے تاجروں نے مختلف اقسام کی اشیاءکا آرڈر کئی روز قبل دیا تھا اور 35ٹرکوں میں سامان کو بھرا گیا تاہم کل وزارت داخلہ کی جانب سے حکم نامہ جاری کرنے کے بعد پونچھ اور اوڑی میں آر پار تجارت کو بند کیا گیا جس کے باعث 35ٹرکوں کو اُس پار کشمیر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ نمائندے نے بتایا کہ تاجروں نے حکام کو بتایا کہ اس کا آرڈر پہلے ہی آچکا ہے تاہم آفیسران نے ٹرک ڈرائیوروں کو بتایا کہ تجارت پر پوری طرح سے پابندی عائد کی گئی ہے لہذا وہ ٹرکوں کو اُس پار نہیں لے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی زیر انتظام سے بھی کئی ٹرکوں کو اس پار آنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ ٹرکوں میں مختلف اقسام کی اشیاءتھی ۔ قابلِ ذکر ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق آر پارتجارت کے ذریعے اسلحہ اور گولہ بارود کو اس طرف بھیجا جا رہا تھا جبکہ نشہ آور اشیاءکو بھی درآمد اور برآمد کرنے کا سلسلہ جاری تھا جس کو مد نظر رکھتے ہوئے اس تجارت کو فی الحال معطل کیا گیا ہے۔