پہلے مرحلے کی انتخابی تشہیر ختم

0
0

مودی ، راہل، پرینکا نمایاں تشہیر کار
یواین آئی

نئی دہلیلوک سبھا الیکشن کے پہلے مرحلے کے لیے انتخابی تشہیر منگل کوختم ہوگئی ۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کے صدر راہل گاندھی، بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا جیسے نمایاں تشہیر کاروں نے جم کر پرچار کیا اور رائے دہندگان سے اپنے اپنے امیدواروں کو فتح سے ہمکنار کرنے کی اپیل کی۔20 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کی 91 سیٹوں کے لیے انتخابی تشہہیر کے دوران روڈ شو، کاروں اور گاڑیوں کا قافلہ، موٹر سائیکلوں کی ریلی ،آسمانوں میں شگاف کردینے والے نعروں اور پارٹی کی فتح کے لیے عوام کو سبز باغ بھی دکھائے گئے اور ترقیاتی کاموں کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔اس کے علاوہ آندھراپردیش، اروناچل پردیش اور سکم اسمبلی کی تمام سیٹوں اور اڈیشہ کی 147 میں سے 28 سیٹوں کے لیے بھی آج انتخابی تشہیر تھم گئی۔ یہاں لوک سبھا الیکشن کے ساتھ اسمبلی انتخابات بھی ہونے ہیں۔مسٹر مودی نے بہار، اترپردیش، مغربی بنگال، گجرات، اڈیشہ اور اروناچل پردیش جیسی کئی ریاستوں کا دورہ کرکے جم کر انتخابی تشہیر کی اور اپنے پانچ سالہ مدت کار کا لیکھا جوکھا بھی پیش کیا۔ مسٹر راہل گاندھی نے بھی کئی ریاستوں کا دورہ کرکے انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا اور ‘چوکیدار چور ہے ’ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے مسٹر مودی کو ہدف تنقید بنایا۔ایک طرف بہار میں عظیم اتحاد بن جانے کے بعد راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور کانگریس کے رہنماو¿ں نے جم کر انتخابی تشہیرکی تو دوسری طرف ریاست کے وزیرا علیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی نے اپنے اتحاد کے لیے ووٹ مانگے ۔ بہار میں گیا، نوادہ ،اورنگ آباد اور اوراترپردیش میں غازی آباد، کیرانہ میرٹھ، باغپت، مظفر نگر اور گوتم بدھ نگر پر ملک کی نگاہیں ٹکی ہوئی ہیں۔ مہاراشٹر میں وردھا اور ناگپور، اڈیشہ میں کالاہانڈی اور بہرام پور، تیلنگانہ میں حیدرآباد، سکندرآباد اور کریم نگر ، آندھراپردیش میں وجے واڑہ، وشاکھا پٹنم اور گنٹور، آسام میں تیج پور اور ڈبروگڑھ، چھتیس گھڑ میں بستر اور اتراکھنڈ میں ٹیہری، گڑھوال، المورہ اور ہری دوار جیسی سیٹوں پر انتخابی تشہیر کا زور زیادہ رہا۔اب ان سیٹوں کے امیدواروں کا فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے ۔ پہلے مرحلے میں آندھراپردیش کے تمام 25، اترپردیش کی آٹھ، مہاراشٹر کی سات، آسام اور اتراکھنڈ کی پانچ۔پانچ، بہار اور اڈیشہ کی چار۔چار، اروناچل پردیش، میگھالیہ، مغربی بنگال ،جموں وکشمیر کی دو۔دواور چھتیس گڑھ، میزورم، سکم، تریپورہ،منی پور، انڈمان نیکوبار اور لداخ کی ایک ۔ایک لوک سبھا سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں 11 اپریل کو آندھرا پردیش اسمبلی کی 175، اروناچل پردیش کی تمام 60، سکم کی تمام 32 اور اڈیشہ کی 147 میں سے 28 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوناہے ۔ قابل ذکر ہے کہ عام انتخابات کا اعلان 10 مارچ کو کیا گیا تھا اور فوری طور پر پورے ملک میں ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا تھا۔ خیال رہے کہ دوسرے مرحلے میں 18 اپریل ، تیسرے مرحلے میں 23 اپریل ، چوتھے مرحلے میں 29 اپریل ، پانچویں مرحلے میں 6مئی ، چھٹے مرحلے میں 12 مئی اور ساتویں مرحلے میں 19 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا