بی جے پی فرقہ پرست نہیں لوگ ہم پر کریں بھروسہ : چشتی
سید نیاز شاہ
پونچھ// بھارتیہ جنتا پارٹی کا وجود پیر پنجال خطہ میں نہ ہونے کے برابر تھا اور زمینی سطح پر پارٹی کہیں بھی نظر نہیں آ رہی تھی مگر پونچھ ضلع سے ایک معروف شخصیت محمد رفیق چشتی کی پارٹی میں شمولیت نے پارٹی کی مضبوطی میں چار چاند لگا دئیے ہیں. اور آئے روز پارٹی ضلع پونچھ کے ساتھ ساتھ پورے خطہ پیر پنجال میں بھی مضبوطی کی راہ پر گامزن ہے اور اس کا سہرا محمد رفیق چشتی کے سر جاتا ہے۔ واضح رہے کہ محمد رفیق چشتی ضلع پونچھ کے ہی نہیں بلکہ ریاست جموں و کشمیر کے جانے پہچانے سماجی کارکن ہیں اور چند ماہ پہلے ہی انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی ان باتوں کا اظہار آج موصوف کے گھر پر منعقدہ میٹنگ میں عوام نے کیا۔ لوگوں نے کہا کہ چشتی صاحب کے آنے سے پارٹی ضلع پونچھ میں زمینی سطح پر بے حد مضبوط ہوئی ہے اور ان کی پارٹی میں شمولیت کے بعد پونچھ کے کئی اہم شخصیات نے بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کا دامن تھاما ہے ۔اس مناسبت سے رفیق چشتی نے آج پریس کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ عام لوگوں کا خیال تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی فرقہ پرست لوگوں کا ایک گروپ ہے مگر اس کے باوجود انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت میں کوئی ذاتی یا مذہبی تعصب نہیں ہے اور پارٹی جمہوریت کی بنیاد پر ہندوستان کی سب سے مضبوط جمہوری قیادت والی پارٹی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کانگریس کی ستر سالہ حکومت کا موازنہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے پانچ سالہ دور اقتدار سے کر کے دیکھیں کہ کس نے عوام کی بہتری میں کام کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ بغیر کسی ذاتی مفاد کے ایک بار پھر ملک و ضلع پونچھ کی ترقی کے لیے بھاجپا کو ووٹ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ راجوری کی عوام مجھ پر یقین کرے میں یہاں عوام کے بیچ رہتا ہوں میں کسی صورت انہیں مایوس نہیں ہونے دوں گا۔