مقامی لوگوں نے سیول انتظامیہ سے لاپرواہ ملازمین کے خلاف کاروائی اور پانی دستیابی کی مانگ کی ہے
اکرم ملک
بھلیسہ // گندو بھلیسہ کے علاقہ گلی کلٹھو کے مقامی لوگ پچھلے چار مہینوں سے پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے پریشان حال ہیں مگر محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین کو اگاہ کرنے کے بعد بھی پانی سپلائی بھال نہیں کیا گیا۔ علاقہ گلی کلٹھو کے مقامی لوگوں نے لازوال کو بتایا کہ اس پسماندہ علاقہ کلٹھو میں یہاں کے مقامی لوگ پچھلے کئی ماہ سے پینے کے صاف پانی کے بغیر ہیں مگر محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین پانی سپلائی دینے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین یا افسران سے رابطہ کیا جاتا ہے تو وہ فون اٹھانا گوارہ نہیں کرتے ہیں جس سے علاقہ کلٹھو کے مقامی لوگ مزید پریشان ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب مقامی ملازمین کے ساتھ بات کرتے ہیں تو وہ یہ کہتے ہیں کہ انہیں اس علاقہ میں ڈیوٹی ہی نہیں ہے اور نہ وہ اس علاقہ میں ڈیوٹی کریں گے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ محکمہ ہذا کے ملازمین کتنے لاپرواہ ہیں۔انہوں نے مقامی انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ جلد از جلد کلٹھو علاقہ میں ملازمین بھیجے جائیں جو پینے کے صاف پانی کو بھال کر کے عوام کی پریشانی کو ختم کریں گے۔