ہائی وے معاملے پر نظرثانی کرلی، کشمیریوں کو تکلیف دینے والا کوئی کام نہیں کریں گے: گورنر ستیہ پال ملک
یواین آئی
سرینگرجموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ وادی میں ہمیں خطرہ ہوسکتا ہے لیکن سیاحوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر دنیا کی سب سے خوبصورت جگہ ہے۔گورنر نے سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل کے متعلق حکومت کے حالیہ حکم نامے کے حوالے سے کہا کہ حکومت کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جس سے کشمیریوں کو کوئی تکلیف پہنچے۔انہوں نے دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے بارے میں نیشنل کانفرنس اور پی ی پی کے لیڈروں کے بیانات کے حوالے سے کہا ‘ان پارٹیوں سے میری اپیل ہے کہ وہ سیاسی باتیں کریں، چنا¶ کی باتیں کریں ایسی باتیں نہ کہیں کہ جن سے امن کو خطرہ ہو جس سے ملی ٹینسی بڑھے اور جن سے آپ، ملی ٹینٹوں اور علاحدگی پسندوں کے درمیان فرق مٹ جائے’۔ان باتوں کا اظہار گورنر موصوف نے ہفتہ کے روز شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کے دورے کے بعد نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا ‘مصنوعی خوف پیدا کرکے اور لوگوں کے جذبات بھڑکاکر ووٹ لینا اچھا نہیں ہے۔ میں اس کے حق میں نہیں ہوں۔ آپ اس پر بات کرو کہ گورنر راج کے دوران کتنا کام ہوا۔ کتنے سکول کھلے، کتنے چھوٹے سکول اپگریڈ ہوئے۔ کتنی سڑکوں اور پُلوں پر کام ہوا۔ مجھے ایک دور دراز گاﺅں سے وٹس ایپ مسیج آتا ہے کہ ہمارے یہاں بجلی ٹرانسفارمر نہیں ہے، اگلے روز صبح ساڑھے دس بجے تک وہاں ٹرانسفارمر پہنچ جاتا ہے۔ یہاں ٹرانسفارمروں کے مطالبے کو لیکر گولیاں بھی چلی ہیں۔ لوگ بھی مرے ہیں۔ لیکن گورنر راج میں کوئی شکایت نہیں ہے۔ ہماری شکایتی سیل نے 60 ہزار شکایتوں کا ازالہ کیا ہے’۔ ستیہ پال ملک نے کہا کہ ہم کشمیر کے مین اسٹریم سیاسی لیڈروں کی بہت عزت کرتے ہیں کیونکہ ان ہی کی وجہ سے یہاں سسٹم قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی کشمیرکے لوگوں میں ہمدردی اور اپنے پن کا جذبہ موجود ہے، یہاں سیاحوں کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔گورنر موصوف نے کہا کہ یہاں ہمیں خطرہ ہوسکتا ہے لیکن سیاحوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر خوبصورت جگہ ہے سیاحوں کو یہاں آنا چاہئے پہلے بھی یہاں سیاحوں کو کوئی دقت نہیں ہوئی ہے۔ستیہ پال ملک نے کہا کہ ہم یہاں باغ گل لالہ دیکھنے ہی نہیں بکہ اس لئے بھی آئے ہیں کہ لوگوں میں یہ بات پھیل جائے کہ یہ کتنی خوبصورت جگہ ہے۔انہوں نے کہا نوجوانوں کو آگے آنا چاہئے اور حصہ داری کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا ‘ہم دلی میں ایک کانفرنس منعقد کریں گے جس میں ہم مختلف ممالک کے سفیروں کو مدعو کریں گے، اور کشمیر سے متعلق ٹریول ایڈوائزریر کو ہٹوانے کی کوشش کریں گے’۔قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں سیاحوں کی تفریح کے مرکز شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں اور دلکش زبرون پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغِ گل لالہ (اندراگاندھی میموریل ٹیولپ گارڈن) کو 31 مارچ کو سیاحوں اور عام لوگوں کے لئے کھول دیا گیا۔محکمہ پھولبانی نے امسال باغ گل لالہ میں کئی نئی سہولیات کا اضافہ کیا ہے جن میں فلڈ لائٹنگ قابل ذکر ہے۔ قریب 600 کنال اراضی پر پھیلے اس باغِ گل لالہ میں امسال 51 اقسام کی 12 لاکھ سے زیادہ ٹیولپ گٹھلیاں لگائی گئی ہیں جن میں اب تک ہزاروں ٹیولپ پودوں پر رنگ برنگے اور دلکش پھول کھل اٹھے ہیں۔ورلڈ ٹیولپ سمٹ سوسائٹی کی طرف سے سنہ 2014 میں دنیا کا دوسرا خوبصورت ترین ‘باغ گل لالہ’ قرار دیے جانے والا ‘ٹیولپ گارڈن سری نگر’ کم از کم ایک ماہ تک سیاحوں کے لئے کھلا رہے گا۔دریں اثنا گورنر نے سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل کے متعلق حکومت کے حالیہ حکم نامے پر کہا ‘قومی شاہراہ پر سویلین ٹریفک کے معاملے پر نظرثانی ہوئی ہے۔ صوبائی کمشنر کشمیر بصیر خان نے کل پریس کانفرنس میں نظرثانی شدہ فیصلہ عوام کے سامنے رکھا۔ آج ہم یہاں میٹنگ کریں گے۔ میٹنگ میں تمام معاملات بشمول سیکورٹی کی فراہمی کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔ میں یہ یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہم کشمیر کے عوام کو تکلیف دینے والا کوئی کام نہیں کریں گے’۔گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ انتخابات کے پیش نظر سیاسی لیڈران بالخصوص امیدواروں کو معقول سیکورٹی کور فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا ‘ہر ایک سیاسی لیڈر بالخصوص امیدواروں کو معقول سیکورٹی کور فراہم کیا جائے گا۔ میں نے دونوں لیڈران (عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی) سے فون پر بات کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ سیکورٹی کی فراہمی سے متعلق لسٹ بھیج سکتے ہیں۔ ہم یہاں پُرامن انتخابات کرائیں گے’۔