این آئی اے کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جائے وقوع کا معائنہ کیا
یواین آئی
جموںجموں کشمیر کے ضلع رام بن میں سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر ہفتہ کے روز ایک کار میں پُر اسرار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوئی جبکہ سی آر پی ایف کی ایک گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔پولیس ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح ایک کار سری نگر سے جموں کی طرف رواں دواں تھی کہ بانہال سے قریب سات کلومیٹر دور شاہراہ پر اس کار میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے کار مکمل طورپر تباہ ہوئی اور ایک سی آر پی ایف گاڑی کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔بیان میں کہا گیا کہ دھماکے سے سی آر پی ایف اہلکاروں کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور واقعے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ سی آر پی ایف ذرائع نےکہا ‘ابتدائی طور پرلگتا ہے کہ یہ ایک سلنڈر دھماکہ ہوا ہے، سی آر پی ایف کانوائے جائے دھماکہ سے کچھ دوری پر تھی لہذا یہ حملہ نہیں لگتا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں’۔دریں اثنا سی آر پی ایف کی طرف جاری ایک بیان کہا گیا کہ جموں کشمیر میں بانہال کے نزدیک قومی شاہراہ پرصبح کے قریب ساڑھے دس بجے ایک کار میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کار کو آگ لگ گئی اور سی آر پی ایف کی ایک گاڑی کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔سنیچر شام دیر گئے این آئی اے کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے بانہال جا کر سینٹرو کا رکا معائنہ کیا جبکہ اس دوران سیمپل بھی اُٹھائے گئے تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ دھماکہ کس نوعیت کا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے )نے مقامی پولیس آفیسران اور عین شاہدین کے ساتھ بھی بات کی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سینٹرو کار کس نام پر درج ہے اُس کا پتہ لگایا گیا ہے جبکہ سینٹرو کار کے ڈرائیور کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سینٹرو کار میں گیس سلنڈر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا تاہم این آئی اے کی جانب سے اس معاملے پر تحقیقات شروع کرنے کے بعد مزید انکشافات متوقع ہے۔ بانہال کے ایس ڈی پی او سجاد سرور نے اس بات کی تصدیق کی کہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی سے وابستہ آفیسران نے سینٹرو کار کا معائنہ کیا اور انہوںنے کار کے سیمپل اپنے ساتھ لئے ہیں ۔ایس ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ مفرور ڈرائیور کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔