یواین آئی
سرینگرمغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کے دعوے کہ ’مجھے کشمیر بھیج دومیں مسئلہ کشمیر حل کروں گی‘ کے حوالے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ممتا بنرجی کشمیری عوام کی خواہشات کی قدر کرتی ہیں۔واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے کہا ہے کہ مجھے کچھ مہینوں کے لئے کشمیر بھیج دو میں مسئلہ کشمیر حل کرنے کی کوشش کروں گی۔محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ‘ہم دیدی (ممتا بنرجی) کا والہانہ استقبال کریں گے۔ آپ کشمیری عوام کی خواہشات کی قدر کرتی ہیں’۔قابل ذکر ہے کہ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ کشمیر میں کسی بھی قیمت پر امن کو قائم کیا جانا چاہئے۔ اگر ملک کے لیڈر چاہیں تو مجھے کشمیر بھیج سکتے ہیں میں اس کے لئے کسی کرسی کی مانگ نہیں کرتی ہوں بلکہ میں کشمیر میں کچھ مہینوں تک قیام کرکے وہاں کی خواتین، نوجوانوں اور طلباءکو اعتماد میں لے کر تعطل کو توڑنے کی کوشش کروں گی۔