کشمیر میں بہتر کارکردگی کی کوشش کریں گے: رام مادھو
یواین آئی
سرینگربھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو نے کہا کہ ان کی جماعت لوک سبھا انتخابات میں وادی کشمیر میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی جموں اور لداخ کی تین نشستوں پر جیت درج کرے گی۔رام مادھو نے پاکستان کی طرف سے ‘شاردا پیٹھ’ مندر کو بھارتی عقیدتمندوں کے لئے کھولنے کو منظوری دینے پر کہا کہ ‘پاکستان دہشت گردی بند کرے گا تو سبھی مسئلے حل ہوں گے’۔ انہوں نے پی ڈی پی کے سینئر لیڈر مظفر حسین بیگ کے بیان کہ وہ ‘جماعت اسلامی جموں وکشمیر اور لبریشن فرنٹ’ کا مقدمہ لڑنے کے لئے تیار ہیں، پر کہا کہ ‘کیا مظفر بیگ ابھی بھی پی ڈی پی میں ہیں’۔رام مادھو منگل کے روز یہاں بھاجپا کے ایک انتخابی پروگرام کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے پارلیمانی انتخابات پر کہا ‘ہم نے ریاست میں سبھی چھ پارلیمانی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کئے ہیں۔ ہمیں جموں وکشمیر سے سن 2014 کے پارلیمانی انتخابات سے بہتر کامیابی ملنے کی امید ہے۔ میں نے آج یہاں وادی کے تینوں بھاجپا امیدواروں سے بات چیت کی’۔انہوں نے کہا ‘ہم چاہتے ہیں کہ وادی میں ایسے لوگ جیت جائیں جو ملک کی ایکتا کے حق میں ہیں۔ یہاں کے لوگوں نے ان لوگوں کو آزما لیا ہے جو دوغلی سیاست کرتے ہیں۔ سری نگر میں ایک بات اور دلی جاکر دوسری بات کرتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ صحیح نمائندوں کو ہی پارلیمنٹ بھیجا جائے’۔بی جے پی جنرل سکریٹری نے نیشنل کانفرنس۔ کانگریس اتحاد پر کہا ‘جموں میں ایک ساتھ ہیں لیکن وادی میں الگ الگ لڑ رہے ہیں۔ یہ لوگ مودی جی اور بی جے پی کا سامنا کرنے کے لئے مختلف طرح کی مشقیں کررہے ہیں۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ جموں کی دو سیٹیں اور لداخ کی ایک سے ہمارے نمائندے ضرور جیت جائیں گے۔ ہم اس بار وادی میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوششیں کریں گے’۔رام مادھو نے پاکستان کی طرف سے ‘شاردا پیٹھ’ مندر پر سامنے آنے والے بیان پر کہا ‘اس پر کوئی بھی فیصلہ حکومت ہندوستان لے گی۔ ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی ہے۔ پاکستان اپنی زمین پر دہشت گردی ختم کرتا ہے تو باقی سبھی معاملے حل ہوں گے’۔انہوں نے پی ڈی پی کے سینئر لیڈر مظفر حسین بیگ کے بیان کہ وہ ‘جماعت اسلامی جموں وکشمیر اور لبریشن فرنٹ’ کا مقدمہ لڑنے کے لئے تیار ہیں، پر کہا ‘کیا مظفر بیگ صاحب ابھی پی ڈی پی میں ہیں؟ چلو بہت اچھا ہے۔ پتہ کریں گے کہ کیا کیا کہا ہے’۔